عام آدمی پارٹی کو 59 نشستیں :سروے

   

l انتخابی شیڈول جاری، 8 فبروری کو ووٹنگ ، 11 فبروری کو نتائج کا اعلان
l عام آدمی پارٹی ، بی جے پی اور کانگریس میں سخت مقابلہ متوقع

نئی دہلی ۔6 جنوری ۔(سیاست ڈاٹ کام) دہلی کی 70 رکنی اسمبلی کے انتخابات کا شیڈول جاری کردیا گیا ہے ۔ الیکشن کمیشن نے آج اس کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ 8 فبروری کو رائے دہی ہوگی اور 11 فبروری کو نتائج کا اعلان کیا جائے گا ۔ برسراقتدار عام آدمی پارٹی کیلئے ایک پول سروے میں خوشخبری ہے جس نے اروند کجریوال کی پارٹی کو 70 کے منجملہ 59 نشستوں پر کامیابی کی پیش قیاسی کی ہے۔ آئی اے این ایس ۔ سی ووٹر کے پول سروے میں بتایا گیا کہ بی جے پی محض 8 نشستوں پر کامیاب ہوگی جبکہ کانگریس کو 3 نشستیں مل سکتی ہیں۔ عام آدمی پارٹی کا بیرون دہلی علاقہ میں شاندار مظاہرہ متوقع ہے۔ چیف الیکشن کمشنر سنیل ارورا نے بتایا کہ اعلامیہ 14جنوری کو جاری کیا جائے گا ۔ نامزدگیوں سے دستبرداری کی آخری تاریخ 24 جنوری ہوگی ۔ دہلی اسمبلی انتخابات میں سہ رخی مقابلہ کی توقع کی جارہی ہے ۔ برسراقتدار عام آدمی پارٹی ، بی جے پی اور کانگریس میں سخت مقابلہ کی توقع ہے ۔ 2015 ء کے دہلی اسمبلی انتخابات میں اروند کجریوال کی عام آدمی پارٹی نے شاندار کامیابی حاصل کی تھی اور 70 رکنی اسمبلی میں 67 نشستوں پر جیت درج کی تھی جبکہ ماباقی تین نشستوں پر بی جے پی کو کامیابی ملی تھی ۔ دہلی اسمبلی انتخابات میں 1.46 کروڑ ووٹر اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں گے ۔ دہلی چیف الیکٹورل آفیسر رنبیر سنگھ نے بتایا کہ 70 اسمبلی حلقوں میں جملہ 46,92,136 ووٹرس ہیں جن کے منجملہ 80 لاکھ 55 ہزار 686 مرد اور 66 لاکھ 35ہزار635 خاتون رائے دہندے ہیں۔ 815 مخنث ووٹرس بھی قطعی فہرست رائے دہندگان میں شامل ہیں۔