عام آدمی پارٹی کی ’جن سمپرک ‘ مہم کا آغاز ، کجریوال کا خطاب

   

نئی دہلی: عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اروند کجریوال نے چہارشنبہ کو دہلی اسمبلی انتخابات سے قبل پارٹی کی ’جن سمپرک‘مہم کا آغاز کیا اور لوگوں پر زور دیا کہ وہ انہیں دوبارہ چیف منسٹر منتخب کریں۔کجریوال نے کہا کہ اگر وہ چیف منسٹر بنتے ہیں تو اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ دہلی کے لوگوں کا کوئی کام بند نہ ہو۔ انہوں نے الزام لگایا کہ جب وہ پانچ ماہ تک جیل میں رہے تو بی جے پی نے عام آدمی پارٹی حکومت کی مختلف اسکیموں میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی۔ اس مہم کا آغاز کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مجھے پورا اعتماد ہے کہ لوگ دہلی میں تمام کام اور سہولیات کو جاری رکھنے کیلئے دوبارہ عام آدمی پارٹی کی حکومت بنائیں گے۔ کجریوال نے بدعنوانی کے ایک مقدمے میں ضمانت ملنے کے چند دن بعد 17 ستمبر کو دہلی کے وزیر اعلیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ وہ اگلے سال کے اوائل میں ہونے والے اسمبلی انتخابات میں عوام سے ’سرٹیفکیٹ آف ایمانداری ‘ حاصل کرنے کے بعد ہی وزیر اعلیٰ کا عہدہ سنبھالیں گے۔انہوں نے کہاکہ میری گرفتاری کے حوالے سے دہلی کے لوگوں کے ذہنوں میں بہت سے سوالات ہیں اور میں نے ان سوالات کے جوابات کے لیے ایک خط لکھا ہے۔ ہماری پارٹی کے کارکنان 29 اکتوبر تک اس خط کے ساتھ گھر گھر جائیں گے تاکہ لوگ اپنے سوالات کے جوابات حاصل کر سکیں۔ عآپ کے سربراہ نے دعویٰ کیا کہ پارٹی کے دیگر رہنما دہلی کی ترقی میں کردار ادا کرنے پر جیل گئے تھے۔ عآپ کی اس مہم کے آغاز کیلئے منعقدہ تقریب میں منیش سیسودیا، دہلی کی چیف منسٹر آتشی، وزراء گوپال رائے، سوربھ بھردواج، کیلاش گہلوت اور عمران حسین سمیت کئی پارٹی قائدین اور ایم ایل اے موجود تھے۔