نئی دہلی: عام آدمی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ سنجے سنگھ کی معطلی کے بعد حزب کی تمام جماعتیں ان کی حمایت میں یکجا نظر رہی ہیں۔ سنجے کی معطلی کے خلاف اپوزیشن کے اراکین پارلیمنٹ نے پیر کو رات بھر پارلیمنٹ ہاؤس کے احاطے میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔خیال رہے کہ منی پور میں دو خواتین کے ساتھ بربریت کے معاملے پر پیر کو پارلیمنٹ میں کافی ہنگامہ ہوا۔ ہنگامہ آرائی کے دوران عآپ کے رکن پارلیمنٹ سنجے سنگھ نے ویل میں راجیہ سبھا کے چیئرمین جگدیپ دھنکھڑ کی کرسی کے سامنے پہنچ کر احتجاج کیا۔ ان کی اس سرگرمی کے بعد انہیں پورے مانسون اجلاس کے لیے معطل کر دیا گیا۔سنجے سنگھ پر کی گئی کارروائی کے خلاف ارکان پارلیمنٹ نے پارلیمنٹ کے باہر دھرنا دیا۔ اس احتجاج میں عام آدمی پارٹی کے ارکان پارلیمنٹ سنجے سنگھ، سندیپ پاٹھک اور سشیل گپتا کے علاوہ ٹی ایم سی سے ڈولا سین اور شانتا چھتری، کانگریس سے عمران پرتاپ گڑھی، امی بین اور جے بی ماتھیر، سی پی ایم سے بنوئے وشوام، سی پی آئی کے راجیو اور بی آر ایس کے لیڈروں نے بھی شرکت کی۔