عام آدمی پارٹی کے4 مسلم امیدوار کامیاب

   

نئی دہلی : مسلم اکثریتی اسمبلی حلقہ سیلم پور سے عام آدمی پارٹی کے امیدوار چودھری زبیر احمد نے 79009 ووٹ حاصل کئے اور 42477 ووٹوں سے اب تک کی سب سے بڑی جیت درج کرنے میں کامیاب ہوئے۔نئی دہلی: دہلی اسمبلی انتخابات کے نتائج کا اعلان آج ہو گیا۔ مسلمانوں نے عام آدمی پارٹی پر بھروسہ ظاہر کیا جس کے نتیجے میں مسلم اکثریتی حلقوں میں عام آدمی پارٹی نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ اگر مسلم ساتھ نہ ہوتے تو عآپ کا حال مزید خراب ہوتا۔ مصطفی آباد سیٹ پر مسلم ووٹرس کی غیر سنجیدہ ووٹنگ سے بی جے پی جیت ملی۔ عام آدمی پارٹی کے امیدوار عادل احمد خان نے 67637 ووٹ کے ساتھ دوسرا مقام اور مجلس کے امیدوار حاجی طاہر حسین 33474 ووٹ حاصل کر کے تیسرے نمبر پر رہے اور کانگریس کے امیدوار علی مہدی بھی 11763 ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔ گویا کہ مسلم ووٹ 3 مسلم امیدواروں کے درمیان تقسیم ہو گئے۔ عآپ نے ان کی ہارکا ذمہ دار مجلس کو قرار دیا اور کہا کہ جو اب تک سنتے آئے تھے کہ مجلس بی جے پی کی بی ٹیم ہے وہ ہم لوگوں نے اپنی نگاہوں سے دیکھ لیا۔ایک دیگر مسلم اکثریتی اسمبلی حلقہ سیلم پور سے عآپ امیدوار چودھری زبیراحمد نے 79009 ووٹ حاصل کئے اور 42477 ووٹوں سے اب تک کی سب سے بڑی جیت حاصل کی۔ بابر پور اسمبلی حلقہ سے تیسری بار عام آدمی پارٹی کے امیدوار گوپال رائے نے 18994 ووٹوں سے بی جے پی کو شکست دی جس میںمسلم ووٹرس کا اہم رول رہا۔گوکل پوری میں بھی عآپ کی کامیابی میں مسلمانوں کا ہی رول رہا۔ عآپ کے چار جیتنے والے مسلم امیدواروں میں عمران حسین (بالی ماران)، عالی محمد اقبال (مٹیہ محل)، امانت اللہ خان (اوکھلا)، اور چوہدری زبیر احمد (سیلم پور) شامل ہیں۔سات مسلم اکثریت حلقوں میں سے 6حلقوں میں عام آدمی پارٹی کو کامیابی ملی ہے۔