جالندھر، 3 اگست (یو این آئی) پنجاب کے کابینہ وزیر موہندر بھگت نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ بھگونت مان نے آج ریاست بھر کے تمام عام آدمی کلینکس میں واٹس ایپ چیٹ بوٹ سروس کا آغاز کردیا ہے ۔ بھگت نے کہا کہ اب مریض اپنی ادویات کی فہرست، ٹیسٹ رپورٹس، اپائنٹمنٹ ریمائنڈر اور دیگر صحت سے متعلق معلومات براہِ راست واٹس ایپ پر حاصل کر سکیں گے ۔ اس نئے نظام سے لوگوں کو اب دفاتر یا کلینکس میں قطاروں میں کھڑے ہونے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ یہ خودکار چیٹ بوٹ سسٹم مریض کی معلومات کو محفوظ طریقے سے منظم کرے گا اور کاغذی ریکارڈ کی ضرورت کو ختم کرے گا، جس سے وقت کی بچت ہوگی اور کارکردگی میں بہتری آئے گی۔ بھگت نے کہا کہ عام آدمی کلینکس صحت کے شعبے میں ایک انقلاب لا رہے ہیں۔ اس واٹس ایپ سروس کے آغاز سے پنجاب کا صحت ماڈل مزید مضبوط ہوا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ مریض واٹس ایپ چیٹ بوٹ کے ذریعے تجویز کردہ ادویات کی فہرست ، معلومات، لیبارٹری ٹیسٹ رپورٹس، اپائنٹمنٹ نوٹیفکیشنز اور عمومی صحت سے متعلق سوالات کے جوابات حاصل کر سکیں گے ۔