عام انتخابات سے قبل جمعیۃ علماء ہند کوئی بڑا اعلان کرسکتی ہے۔ 

,

   

نئی دہلی : عام انتخابات سے قبل ملک کی سب سے قدیم ملی جماعت جمعیۃ علماء ہند کوئی بڑا اعلان کرسکتی ہے ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا سید ارشد مدنی کی صدارت میں ۱۴؍ مارچ کو یہاں جمعیۃ علماء ہند کے دفتر میں مجلس عاملہ کی میٹنگ کا اہتمام کیاگیاہے جس میں کئی اہم مسائل پرتجاویز پیش کی جائیں گی ۔ غور طلب ہے کہ جمعیۃ علماء ہند کی مجلس عاملہ کا یہ اجلاس اس وقت منعقد ہونے جارہا ہے کہ جب ملک میں عام انتخابات کی تواریخ کا اعلان کیا جاچکا ہے ۔

او رپور ے ملک میں اس وقت الیکشن کا ماحول ہے ۔ جمعیۃ علماء ہند ایک غیر سیاسی جماعت ہے ۔ اور اس اجلاس سے مولانا سید ارشد مدنی یہ اعلان کرنے والے ہیں کہ ان کا سیاست سے کوئی سروکار نہیں ہے اور نہ ہی انہیں پارلیمنٹ یا اسمبلی جانے کی خواہش ہے ۔ اس اجلاس میں توقع کی جارہی ہے کہ بابری مسجد معاملہ میں خصوصی با ت چیت کی جائے گی اور تجاویز پیش کی جائے گی ۔ مجلس عاملہ میں ان بے گناہ مسلم نوجوانوں کے بارے میں بھی بات چیت ہوگی جو کئی سال جیل کی صعوبتیں برداشت کرنے کے بعد باعزت بری ہوئے ہیں ۔

اس مجلس عاملہ میں اس با ت پر غور کیا جائے گا کہ جن پولیس افسران او رایجنسیوں نے بے گناہوں کو جھوٹے الزامات عائد کر کے انہیں جیل بھیجا تھا ان کی زندگیو ں کو خراب کیا تھا ان کے خلاف قانونی کارروائی کیسے کی جاسکتی ہے اور بے قصوروں کو کیسے مکمل انصاف دلایا جاسکے ۔ مولانا سید ارشد مدنی نے کئی مرتبہ اپنے خطاب میں کہہ چکے ہیں کہ بے گناہوں کی گرفتاریوں کا سلسلہ اسی وقت رک سکتا ہے جب ایجنسیوں اور افسران کی جواب دہی طے کی جائے اور ان خاطی افسران کے خلاف کارروائی کی جائے ۔ مجلس عاملہ میں آسام کے این آر سی کے مسئلہ پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا ۔