عام انتخابات میں دیانتداری کی کامیابی : ہندوستانی برادری

,

   

وزیراعظم نریندر مودی کا جی 20کانفرنس کے آغاز سے قبل جاپان میں مقیم ہندوستانیوں سے ملاقات

کوبے 27 جون (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج کہاکہ جاپان میں ہندوستانی برادری سمجھتی ہے کہ 2019 ء کے لوک سبھا انتخابات میں دیانتداری کو فتح حاصل ہوئی ہے۔ تقریباً 61 کروڑ افراد نے اپنے حق رائے دہی سے استفادہ کیا۔ رائے دہندگان کی جملہ تعداد جنھوں نے ہندوستان کے عام انتخابات میں حصہ لیا، اُن کی تقریباً تمام ممالک میں آبادی سے زیادہ تھی، سوائے چین کے۔ اُنھوں نے کہاکہ کوبے (جاپان) میں ہندوستانی برادری ’’بھارت ماتا کی جئے‘‘ اور ’’جئے شری رام‘‘ کے نعرے لگاتی ہے۔ تقریب کے اختتام پر مودی نے اپنے ٹوئٹر پر تحریر کیاکہ ہندوستانی برادری کے ساتھ کوبے میں پروگرام اور تبادلہ خیال ہمیشہ خصوصی رہا ہے اور یہ پروگرام حیرت انگیز تھا۔ 2019 ء کے لوک سبھا انتخابات کے نتائج سے ہندوستانی برادری میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ برادری کے پروگرام کے بعد مودی نے اِن افراد سے جو وہاں جمع ہوئے تھے دریافت کیاکہ 2019 ء کے عام انتخابات میں کس کو فتح حاصل ہوئی اُنھوں نے فوری جواب دیا یہ دیانتداری کی فتح ہے۔ اُن کا جواب انتہائی خوش کردینے والا تھا۔ بی جے پی نے 543 نشستی لوک سبھا میں 303 نشستیں حاصل کی ہیں۔ مودی
G-20
چوٹی کانفرنس میں شرکت کے لئے جو جمعہ سے اوساکا میں شروع ہوگی، شرکت کے لئے آئے ہوئے ہیں۔ قبل ازیں وزیراعظم نے ہندوستانی برادری سے کہاکہ وہ انتخابی کامیابی اُن کے حصے سے واقف ہیں۔ اُنھوں نے حالیہ اختتام پذیر لوک سبھا انتخابات میں جاپان میں مقیم ہندوستانیوں کے ادا کردہ کردار پر اُن سے اظہار تشکر کیا۔ اِن انتخابی نتائج کے طور پر مودی دوبارہ زبردست اکثریت کے ساتھ برسر اقتدار آئے ہیں۔ وزیراعظم نے کہاکہ جاپان میں مقیم کئی ہندوستانی وطن آئے تھے اور اُنھوں نے عملی کام کیا۔ کئی افراد نے سوشیل میڈیا جیسے ٹوئٹراستعمال کرتے ہوئے جمہوری عمل کا پیغام پہنچایا۔