نئی دہلی: دہلی کی راوز ایوینیو کورٹ نے دہلی وقف بورڈ سے جڑے معاملے میں عام آدمی پارٹی کے رکن اسمبلی امانت اللہ خان کو 14 دنوں کی عدالتی حراست دے دی ہے۔ اینٹی کرپشن بیورو نے عام آدمی پارٹی کے رکن اسمبلی امانت اللہ خان کے ٹھکانوں پر ایک ساتھ چھاپہ ماری کی تھی۔اے سی بی نے عام آدمی پارٹی کے رکن اسمبلی کے ٹھکانوں سے قابل اعتراض اشیا برآمد ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے انہیں گرفتار کرلیا تھا۔ اس چھاپہ ماری سے متعلق ایک ویڈیا سامنے آیا تھا، جس میں مبینہ طور پر عام آدمی پارٹی کے رکن اسمبلی امانت اللہ خان کے حامیوں کو اے سی بی کے افسران کے ساتھ ہاتھا پائی کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ اینٹی کرپشن بیورو کی ٹیم جب چھاپہ مارنے کے لئے جامعہ نگر علاقے میں آئی تھی تب تلخ بحث ہوئی تھی۔ واضح رہے کہ اے سی بی نے امانت اللہ خان کے کئی ٹھکانوں پر چھاپہ ماری کی تھی۔ اس کے بعد امانت اللہ خان کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔