گجرات الیکشن میں کانگریس کا سنسنی خیز دعویٰ‘ عآپ سے کانگریس میں شامل قائد کیساتھ پریس کانفرنس
احمد آباد:گجرات اسمبلی انتخاب کیلئے تاریخوں کا اعلان ہو چکا ہے۔ سبھی پارٹیوں کی سرگرمیاں بھی تیز سے تیز تر ہو گئی ہیں۔ اس درمیان کانگریس نے ایک ایسا دعویٰ کیا ہے جو عآپ (عام آدمی پارٹی) اور اروند کیجریوال کو کٹہرے میں کھڑا کرنے والا ہے۔ ہفتہ کو کانگریس نے عآپ پر گجرات میںبھاری رقم خرچ کرنے کا الزام عائد کیا ہے اور ساتھ ہی کہا ہے کہ اروند کیجریوال کی پارٹی کے امیدوار بی جے پی طے کر رہی ہے۔کانگریس کے سینئر لیڈر پون کھیڑا نے آج اندرنیل راج گرو (جو ایک دن قبل ہی عآپ چھوڑ کر کانگریس میں شامل ہوئے ہیں) کے ساتھ ایک پریس کانفرنس کی۔ اس پریس کانفرنس کے دوران راج گرو نے دعویٰ کیا کہ یکم اکتوبر کو کجریوال اور ٰ بھگونت مان جب طیارہ سے راجکوٹ پہنچے تھے تو وہاں بھاری نقدی لے کر پہنچے تھے۔ ساتھ ہی راج گرو نے صحافیوں سے کہا کہ ’’گجرات میں عآپ کے ذریعہ 15 سیٹوں پر بی جے پی سے پوچھ کر ٹکٹ دیا جا رہا تھا تو میں نے مخالفت کی۔ میں بی جے پی کو شکست دینے گیا تھا، کانگریس کو شکست دینے نہیں گیا تھا۔ اسی لیے میں نے اپنا موقف بدل لیا۔‘‘ اندرنیل راج گرو کے اس دعویٰ پر ابھی تک عآپ کا کوئی رد عمل سامنے نہیں آیا ہے۔پریس کانفرنس کے دوران پون کھیڑا نے کہا کہ دہلی سے جیتے تو دہلی کا پیسہ پنجاب میں لگایا۔ پنجاب جیتے تو وہاں کا پیسہ گجرات میں لگا رہے ہیں۔ کھیڑا نے سوال کیا کہ ’’اس پیسے کو لے کر جانے کی اجازت کیوں دی گئی؟ کیا بی جے پی اور کجریوال کے درمیان جگل بندی نہیں ہے؟‘