نئی دہلی 4 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) دہلی کی ایک عدالت نے 6 ماہ کی سزائے قید عام آدمی پارٹی کے رکن اسمبلی سوم دت کو ایک شخص کی زدوکوب کے جرم میں دی جو 2015 ء کے اسمبلی انتخابات میں چلائی جانے والی انتخابی مہم کے دوران کی گئی تھی۔ وہ صدر بازار حلقہ کے عام آدمی پارٹی رکن اسمبلی ہیں۔ اُنھیں قانون تعزیرات ہند کی دفعات 325 (رضاکارانہ طور پر شدید زخمی کردینا۔ بلااشتعال انگیزی) ، 341 (غلطی سے صبر و تحمل کا دامن ترک کردینا)،147 (فساد برپا کرنا) اور 149 (غیر قانونی اجتماع) کے تحت یہ سزا دی گئی ہے۔ 10 جنوری 2015 ء کو 8 بجے شب سوم دت نے اپنے حامیوں میں 50 روپئے فی کس تقسیم کئے تھے۔ شکایت کنندہ کے بموجب اُسے اعتراض کرنے پر زدوکوب کیا گیا تھا اور رکن اسمبلی کے حامیوں نے اُن پر حملہ کیا تھا جس سے وہ شدید زخمی ہوگیا تھا۔