عبادتگاہوں کی مسماری کی تحقیقات کا مطالبہ

   

صرف دوبارہ تعمیر کا وعدہ کافی نہیں ۔ پردیش کانگریس کمیٹی
حیدرآباد۔ کل ہند کانگریس کے رکن و پردیش کانگریس کے ترجمان جی نرنجن نے آج کہا کہ سیکریٹریٹ کے احاطہ میں مساجد اور مندرکی تعمیر ہی کافی نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر صرف چند افراد کو لالچ دے کر اپنی ذمہ داری سے بری نہیں ہوسکتے ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کو چاہئے کہ وہ ان حالات کا پتہ چلانے عدالتی تحقیقات کا اعلان کریں جن کے تحت عبادتگاہوں کو مسمار کیا گیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم قائدین کے ساتھ ملاقات میں چیف منسٹر نے جو وضاحت کی ہے وہ قابل بھروسہ نہیں ہے اور در اصل حقائق کو چھپانے کی کوشش ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حالانکہ یہ عبادتگاہیں سیکریٹریٹ کے احاطہ میں تھیں لیکن حکومت عوام کے مذہبی جذبات کی پرواہ کئے بغیر انہیں مسمار کرچکی ہے ۔