عبادتگاہوں کی کھدائی سے ملک میںفرقہ وارانہ ہم آہنگی کو خطرہ : اکھیلیش

   

سنبھل واقعات کیلئے انتظامیہ ذمہ دار۔ ضمنی انتخابات میں پولیس نے بی جے پی کو جیت دلائی ۔ صدر سماجوادی پارٹی کا بیان

لکھنؤ : سماج وادی پارٹی صدر اکھلیش یادو نے کہا کہ کھدائی کی زیادہ باتوں سے ملک کی فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو خطرہ ہوسکتا ہے ۔ یادو نے آج کہا کہ سماج وادی پارٹی سماجی انصاف اور دلتوں،پچھڑوں، اقلیتوں، کسانوں کو ان کا حق اور احترام دلانے کام کررہی ہے جبکہ بی جے پی کے لوگ نفرت پھیلانے کی سیاست کرتے ہیں۔ جو لوگ ملک میں جگہ جگہ کھدائی کی بات کررہے ہیںیہ ایک دن ملک کی ہم آہنگی کھو دیں گے ۔ اگر ہر جگہ کھدائی ہوگی تو ملک آگے نہیں بڑھے گا۔ اگر ترقی یافتہ ہندوستان بنانا ہے تو بہت چیزوں پر کام کرنا ہوگا ۔ سب کا احترام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی اے جتنا مضبوط اور متحد ہوگا۔ بی جے پی اتنی زیادہ فرقہ وارانہ سیاست کرے گی۔ ہم نے پی ڈی اے کو متحد کر کے 2024 کے الیکشن میں بی جے پی کو ہرایا ہے ۔ ہمارے کارکنان نے بوتھ سطح پر محنت کی ۔ بی جے پی سے زمین پر لڑنا ہوگا۔ 2027 کے اسمبلی الیکشن میں عوام سال 2024 سے بہتر نتائج دیں گے ۔ یادو نے کہا کہ سماج وادی پارٹی کی لڑائی بی جے پی کی فرقہ وارانہ نفرت اور تفریق کی سیاست سے ہے جو بی جے پی کو ہرائے گا ہم اس کے ساتھ ہیں۔ بی جے پی ترقی کی بات نہیں کرتی ہے ۔ وزیر اعظم نے دس سال پہلے گنگا صفائی کا وعدہ کیا تھا ۔ لیکن آج بھی گنگا صاف نہیں ہوئی۔ ندیوں کے نالے آج بھی گنگا میں جارہے ہیں۔ کانپور،قنوج سمیت تمام جگہ نالے گنگا میں جارہے ہیں۔ بی جے پی اپنے وعدوں کا ذکر نہیں کررہی ہے ۔ وزیر اعظم جس ایکسپریس وے پر ہرکولیس جہاز سے اتر ے تھے وہ ایکسپریس وے سماج وادی حکومت نے ڈیزائن کیا تھا۔سماج وادی نے ایکسپریس وے بنایا۔ لکھنؤ، کانپور، آگرہ، نوئیڈا کی میٹرو سماج وادی حکومت کی دین ہے ۔ سماج وادی حکومت نے لکھنؤ میں گومتی ندی پر ریور فرنٹ بنایا۔ گومتی ندی صاف رہے اس کیلئے نالوں کو روکا۔ ندیوں کی صفائی کیلئے ماڈل بنایا لیکن بی جے پی حکومت نے اس کام کو نہیں پورا ہونے دیا۔ گومتی ریور فرنٹ گجرات کے سابر متی ریورفرنٹ سے بہتر ہے ۔ اس لئے بی جے پی کو مشکل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے ضمنی الیکشن میں پولیس و اقتدار کا غلط استعمال کیا۔ آئین میں جمہوریت میں سبھی کو ووٹ کا حق ہے ۔ بی جے پی نے ووٹ ڈالنے سے روکا۔ پولیس نے بی جے پی کیلئے ووٹ ڈالے اور پولیس نے بی جے پی کو جتایا۔ پولیس افسر نے خواتین کو ریوالور دکھا کر ڈرایا، ووٹ ڈالنے سے روکا۔ سماج وادی نے ا لیکشن کمیشن میں تین سو سے زیادہ شکایت کی۔یادو نے کہا کہ سماج وادی پارٹی ہمیشہ سے ای وی ایم کے خلاف ہے ۔ ہم ای وی ایم سے الیکشن جیت کر ای وی ایم کو ہٹائینگے ۔ دنیا کے تمام ترقی یافتہ ممالک میں ای وی ایم سے الیکشن نہیں ہوتا ہے ۔ جرمنی سمیت کئی ممالک میں ای وی ایم سے ووٹنگ غیر قانونی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے سماج کو ذاتوں میں نہیں تقسیم کیا۔ ہم تو محروم اور استحصال زدہ طبقات کو ان کا حق دلانے کی لڑائی لڑرہے ہیں۔سماج کو ذاتوں میں رشی۔منو نے بانٹا ہے ۔ میں جوڑنے کی سماجی انصاف دلانے کا کام کررہا ہوں۔ میرے چیف منسٹر عہدے سے ہٹنے کے بعد بی جے پی نے چیف منسٹر کے گھر کو گنگا جل سے کیوں دھلوایا تھا۔ مندر سے جانے کے بعد مندر کیوں دھلوایا تھا۔ اکھلیش یادو نے کہا کہ لوک سبھا ایوان چلنا چاہئے ۔ حکومت کو چلنا چاہئے ۔ ایوان چلے گا تبھی مسائل پر بحث ہوگی۔ ہمارے لئے سنبھل پر بحث ہونا اولین ترجیح تھی۔ کیا کوئی تصور کرسکتا کہ سروے کے بہانے ماحول اتنا خراب کر دیا جائے گا۔ سنبھل میں واقعہ انتظامیہ کے افسران نے کرایا۔ وہاں انتظامیہ کی ناکامی ہے ۔ جب کبھی سنبھل کے واقعہ کی جانچ ہوگی عدالت کا فیصلہ آئے گا تو افسر خاطی پائے جائیں گے ۔سنبھل میں سب کچھ افسران کا کرایا ہوا ہے ۔جو جانیں گئی ہیں اس کیلئے افسر ہی ذمہ دار ہیں۔