حیدرآباد۔22۔ اپریل (سیاست نیوز) حکومت کی ہدایت پر عبدالحمید نے آج چیف اگزیکیٹیو آفیسر وقف بورڈ کے عہدہ کا جائزہ حاصل کرلیا۔ انہوں نے آج حج ہاؤز پہنچ کر انچارج چیف اگزیکیٹیو آفیسر محمد قاسم سے جائزہ حاصل کیا۔ اس موقع پر صدر نشین وقف بورڈ محمد سلیم موجود تھے۔ واضح رہے کہ عبدالحمید نے 16 ڈسمبر 2019 ء تا 15 اپریل طویل رخصت حاصل کرلی تھی۔ بعد میں انہوں نے 16 اپریل تا 22 جون رخصت میں توسیع کی درخواست دی ، جسے حکومت نے مسترد کردیا۔ سکریٹری اقلیتی بہبود احمد ندیم نے درخواست مسترد کرتے ہوئے عبدالحمید کو فوری جائزہ حاصل کرنے کی ہدایت دی۔ عبدالحمید وقف بورڈ میں خدمات انجام دینے میں دلچسپی نہیں رکھتے ، لہذا انہوں نے سکریٹری اقلیتی بہبود احمد ندیم سے ملاقات کی۔ بتایا جاتا ہے کہ احمد ندیم نے انہیں فی الفور ذمہ داری سنبھالنے کی ہدایت دی اور کہا کہ رخصت میں توسیع کے معاملہ پر بعد میں غور کیا جائے گا ۔ کوڈ۔19 بحران کے سبب حکومت کی ہدایت کی پابندی کرتے ہوئے عبدالحمید نے عہدہ کا جائزہ لے لیا۔
