عبدالخالق کو ٹکٹ نہ دینا کانگریس کی مسلم دشمنی :ساجد

   

نئی دہلی: لوک سبھا کے عام انتخابات میں مسلمانوں کو نظر انداز کرنے کا کانگریس پر الزام عائد کرتے ہوئے معروف سماجی کارکن اور کانگریسی لیڈر ساجد ملک نے کہاکہ آسام کے لوک سبھا حلقہ بارپیٹا سیٹ سے موجودہ رکن پارلیمنٹ عبدالخالق کو ٹکٹ نہ دینا کانگریس کا مسلمانوں کو نظر انداز کرنے کا پختہ ثبوت ہے ۔انہوں نے کہا کہ آسام سے کانگریس کے تین لوک سبھا کے رکن ہیں۔ عبدالخالق، گورور گوگوئی اور پردیوت بوردولوئی۔ افسوسناک بات یہ ہے کہ کانگریس نے دونوں غیر مسلم رکن پارلیمنٹ کو تو ٹکٹ دیا ہے لیکن عبدالخالق کا ٹکٹ کاٹ دیا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب تک کی جاری کردہ کانگریس کی فہرست میں راجستھان، مدھیہ پردیش اور گجرات سے کسی مسلمان کو ٹکٹ نہیں دیا ہے جب کہ تینوں ریاستوں سے مسلمان منتخب ہوکر آتے رہے ہیں۔ راجستھان سے ہی کانگریس نے رفیق منڈیلا اور سوائی مادھوپور سے معروف کرکٹر اظہر الدین کو ٹکٹ دیا تھا لیکن اس بار کی فہرست سے مسلمانوں کا نام غائب ہے۔انہوں نے کہاکہ کانگریس اور بہار میں آر جے ڈی دونوں ہی پارٹیوں نے مسلمانوں کی نمائندگی کم کرنے کا تہیہ کرلیا ہے ۔ اس لئے کئی جگہ دونوں پارٹیوں نے کھیل کرتے ہوئے مسلمانوں کا ٹکٹ کاٹ دینے کا اندیشہ ہے ۔ انہوں نے کہاکہ آسام کے پارلیمانی حلقہ بارپیٹا سے موجودہ رکن پارلیمنٹ عبدالخالق کو ٹکٹ نہ دیکر ایک غیر مسلم کو ٹکٹ دینا اس بات کو ثابت کرنے کے لئے کافی ہے کہ وہ عبدالخالق کا کانگریس میں سیاسی کیریر ختم کرنا چاہتی ہے۔جب کہ عبدالخالق کئی بار رکن اسمبلی رہ چکے ہیں اور آسام سے کانگریس سے جیتنے والے واحد رکن پارلیمنٹ ہیں۔