دبئی، 11 دسمبر (آئی اے این ایس) ایشین یوتھ پیرا گیمز 2025 میں ہندوستان کے عبدالقادِر اندوری نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے سوئمنگ مقابلوں میں دو گولڈ میڈل اپنے نام کرلیے۔ انہوں نے 50 میٹر بٹر فلائی اور 50 میٹر بیک اسٹرروک ایونٹس میں سبقت حاصل کرکے ملک کا سر فخر سے بلند کیا۔ پیرالمپک کمیٹی آف انڈیا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہندوستان کے لیے سنہری کامیابی! یہ کارنامہ عبدالقادرکی محنت، نظم و ضبط اور ہمارے نوجوان پیرا ایتھلیٹس کی بڑھتی ہوئی صلاحیت کا ثبوت ہے۔ مبارک ہو عبدال! چہارشنبہ کو دبئی میں گیمزکی افتتاحی تقریب بھی منعقد ہوئی جس میں مختلف ایشیائی ممالک کے نوجوان پیرا ایتھلیٹس نے شرکت کی۔ تقریب میں ثقافتی پروگرام بھی پیش کیے گئے۔ گزشتہ ایڈیشن (بحرین 2021) میں 51 گولڈ میڈل کے ساتھ سرفہرست رہنے والا ایران اس بار بھی سب سے بڑی کھلاڑیوں کی ٹیم کے ساتھ شرکت کر رہا ہے، جس میں 195 ایتھلیٹس شامل ہیں۔ ایشین پیرالمپک کمیٹی (اے پی سی) کے مطابق ازبکستان (124)، تھائی لینڈ (122) اور ہندوستان (122) بھی بڑے دستوں کے ساتھ گیمز میں شریک ہیں۔ میزبان متحدہ عرب امارات کی جانب سے 55 ایتھلیٹس حصہ لے رہے ہیں، جو ملک میں پیرا اسپورٹس کی تیزی سے ترقی اور علاقائی سطح پر شمولیت کے فروغ کو ظاہر کرتا ہے۔ دبئی 2017 کے بعد دوسری بار ان گیمز کی میزبانی کررہا ہے اور ایشیا میں پیرا اسپورٹس کے اہم مرکزکے طور پر اپنی حیثیت مزید مضبوط کر رہا ہے۔ گیمز میں ایشیا کے نامور پیرا کھلاڑی بھی شرکت کر رہے ہیں، جن میں ایران کی پیرا تکواندو ایتھلیٹ زہرا رحیمی جو پیرس 2024 پیرالمپک میں خواتین کے 52 کلوگرام میں سلور جیت چکی ہیں اور چینی تائپے کے چن پو یین شامل ہیں، جو آئی ٹی ٹی ایف ورلڈ نمبر 1 اور پیرس 2024 پیرالمپک گیمز کے سلور میڈلسٹ ہیں۔
