حیدرآباد۔ 5 نومبر (سیاست نیوز) شہر کے معروف وکیل مسٹر عبدالمقیط قریشی ایڈوکیٹ کو تلنگانہ ہائی کورٹ کے سینئر وکیل کا رتبہ دیا گیا ہے۔ تلنگانہ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس ستیش چندر شرما نے ریاست سے تعلق رکھنے والے 9 وکلاء کو سینئر ایڈوکیٹ کے رتبے کی توثیق کرتے ہوئے اعلامیہ جاری کیا گیا ہے جس میں عبدالمقیط قریشی ایڈوکیٹ سرفہرست ہیں۔ مسٹر قریشی کا تعلق شہر حیدرآباد سے ہے اور انہوں نے مدرسہ اعزہ سے اسکولی تعلیم حاصل کی جبکہ سٹی کالج سے انٹرمیڈیٹ کی تعلیم، ایس ڈی ایل کالج سے بی کام اور گلبرگہ یونیورسٹی سے قانونی تعلیم حاصل کی۔ سال 1986 میں انہوں نے متحدہ آندھرا پردیش کے ہائی کورٹ میں پریکٹس کا آغاز کیا تھا اور ٹیکزیشن کے شعبہ میں کام کرنے کے بعد سری ونکٹیشورا ہیچریز کے وہ لیگل اڈوائزر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔ سال 1996 تا 2006 تک آندھرا پردیش اسٹیٹ وقف بورڈ کے اسٹیڈنگ کونسل کی حیثیت سے نمایاں خدمات انجام دیا ہے۔ مسٹر عبدالمقیط قریشی شہر کے علاقہ نظام کالونی ٹولی چوکی کے ساکن ہیں۔