مکہ مکرمہ : سلطنت سعودی عرب کے حکام نے حرم شریف کعبۃ اللہ کے نئے کلید بردار اعلیٰ کی حیثیت سے عبدالوہاب بن زین العابدین ال شعیبی کے نام کا اعلان کیا ہے۔ شیخ صالح ال شعیبی کے انتقال کے بعد یہ نامزدگی عمل میں آئی ہے۔ کعبۃ اللہ اور مقام ابراہیم کے کلید کی عبدالوہاب ال شعیبی کو حوالگی کی تقریب گزشتہ روز منعقد کی گئی۔ وہ شعیبہ بن عثمان بن ابی طلحہ کے پوتے ہوتے ہیں، جن کو رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم نے خود یہ کلید حوالے کئے تھے۔ عبدالوہاب ال شعیبی کی ذمہ داریوں میں کعبۃ اللہ کی کشادگی اور پھر اُس کو بند کرنا، اُس کی صفائی، اُس دھونا ، اُس کے کسویٰ (غلاف ِ کعبہ) کی تبدیلی اور مہمانوں کا استقبال کرنا شامل ہے۔ 22 جون کو شیخ صالح ال شعیبی کا انتقال ہوا ، جو صحابی رسول حضرت عثمان ابن طلحہؓ کے 109 ویں جانشین تھے۔ نئے کلید بردار ِ اعلیٰ نے کہاکہ وہ اللہ تعالیٰ سے دُعا کرتے ہیں کہ خادم حرمین شریفین اور ولیعہد کے ساتھ تال میل میں بہتر ذمہ داری میں کامیاب ہوں۔