حیدرآباد۔/16 جنوری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ اسمبلی کے لئے منتخب بی جے پی کے واحد رکن راجہ سنگھ نے مجلس اتحادالمسلمین سے تعلق رکھنے والے عبوری اسپیکر ممتاز احمد خاں کے روبرو ایوان کی رکنیت کا حلف نہیں لیں گے۔ گوشہ محل سے منتخب راجہ سنگھ نے کہا کہ یہ ان کی پارٹی کا نہیں بلکہ شخصی فیصلہ ہے۔ قبل ازیں اس مسئلہ پر میڈیا نمائندوں کے ایک سوال پر بی جے پی کے ریاستی صدر ڈاکٹر کے لکشمن نے جواب دیا تھا کہ وہ اس ضمن میں تفصیلات سے باخبر نہیں ہیں بلکہ دوسروں کی طرح وہ خود بھی اخبارات میں یہ خبر دیکھے ہیں۔