انتظامیہ نے پولیس فورس کی موجودگی میں بلڈوزر چلادیا
لکھنؤ:عتیق احمد کے بھائی اشرف کی بیوی زینب فاطمہ اب تک فرار ہے۔ وہ پولیس کی گرفت میں نہیں آ سکی ہیں لیکن ان کی غیر موجودگی میں پریاگ راج میں واقع ان کے عالیشان مکان کو آج منہدم کر دیا گیا۔ زینب فاطمہ کی عالیشان کوٹھی پر آج پولیس فورس کی موجودگی میں انتظامیہ نے بلڈوزر کارروائی کی اور دیکھتے ہی دیکھتے 5 کروڑ لاگت کی ملکیت زمین دوز ہو گئی۔یہ کارروائی وقف بورڈ کی 50 کروڑ روپے کی ملکیت ہضم کرنے کے معاملے میں انتظامیہ کے ذریعہ کی گئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اشرف نے پریاگ راج میں واقع صلاح پور میں وقف بورڈ کی زمین پر قبضہ کر کے اپنی شریک حیات زینب کے لیے 5 کروڑ روپے کی عالی شان کوٹھی تعمیر کروائی تھی۔ آج دوپہر پی ڈی اے (پریاگ راج ڈیولپمنٹ اتھارٹی) کے بلڈوزر نے اسے منہدم کر دیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق پی ڈی اے کے زونل افسر کی قیادت میں تین ٹیمیں صلاح پور پہنچی تھیں۔ پولیس افسران سے فورس بھی منگوائی گئی تھی تاکہ حالات بے قابو نہ ہونے پائے۔ کارروائی کے دوران موقع پر اے سی پی کی قیادت میں کئی تھانوں کی فورس تعینات رہی۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اشرف نے اپنی بیوی کیلئے 50 کروڑ سے زیادہ کی وقف ملکیت پر قبضہ کر کے یہاں گھر بنایا تھا۔ اسے منہدم کرنے کا حکم ہوا تو انتظامیہ نے اس کوٹھی کو آج گرا دیا۔بتایا جاتا ہے کہ یہ عالیشان کوٹھی 7 بیگھا زمین پر بنی ہوئی تھی۔ اس زمین پر اشرف کی بیوی زینب کے علاوہ اس کے بھائی زید اور صدام نے قبضہ کیا ہوا تھا۔ وقف بورڈ کی زمین پر ناجائز قبضہ کو لے کر نومبر 2023 میں معاملہ درج کرایا گیا تھا۔ بعد ازاں دسمبر 2023 میں گینگسٹر ایکٹ کے تحت منادی کرا کر اسے قرق کیا گیا تھا۔