پریاگ راج : اتر پردیش کے پریاگ راج میں مقتول عتیق احمد کے بیٹے علی کی مشکلات کم ہونے کا نام نہیں لے رہی ہیں۔ دراصل پریاگ راج کی نینی جیل میں بند مافیا عتیق احمد کے بیٹے علی کے خلاف بھتہ خوری اور مارپیٹ کے معاملے میں ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ یہ ایف آئی آر پریاگ راج کے کریلی تھانے میں درج کی گئی ہے۔دراصل کریلی علاقے میں رہنے والے ایک کسان محمد افضل نے علی کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی ہے۔ افضل کا الزام ہے کہ 7 اگست کو تین لوگوں نے اس پر اور اس کے بھتیجے پر حملہ کیا۔ افضل کے مطابق اس پر حملہ کرنے والوں نے اسے کہا کہ وہ جیل میں بند مافیا عتیق احمد کے بیٹے علی اور اسد کالیا کو 30 لاکھ روپے بھتے کی رقم دے دیں یا اپنا پلاٹ ان کو منتقل کر دیں۔ افضل کا کہنا ہے کہ انہیں ان تمام شرپسندوں سے جان کا خطرہ ہے۔ افضل نے عتیق احمد ولد علی کے خلاف کریلی تھانے میں بھتہ خوری اور اقدام قتل کی ایف آئی آر درج کرائی ہے۔ فی الحال علی کے خلاف آئی پی سی کی دفعہ 447، 341، 307، 386، 323، 504، 506 اور 120B کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔