چیف منسٹر ریونت ریڈی کا عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس
حیدرآباد ۔ 11 جنوری (راست) عثمانیہ جنرل ہاسپٹل کی تعمیر کیلئے جاریہ ماہ کے آخر تک سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔ یہ بات چیف منسٹر تلنگانہ اے ریونت ریڈی نے بتائی۔ انہوں نے اس سلسلہ میں ایک اعلیٰ سطح اجلاس طلب کیا اور عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ جاریہ ماہ کے آخر تک ابتدائی مراحل کی تکمیل کو یقینی بنائیں۔ گوشہ محل اسٹیڈیم میں تعمیر کئے جانے والے عثمانیہ ہاسپٹل کے متعلق چیف منسٹر نے اپنی قیامگاہ میں عہدیداروں کا اجلاس طلب کیا اور اراضی کے متعلق چیف منسٹر نے تفصیلی بات چیت کی۔ محکمہ پولیس کے تحت موجود اراضی کو فوری طور پر محکمہ صحت کے حوالے کرنے کے اقدامات پر زور دیا۔ انہوں نے دونوں محکموں کو ہدایت دی کہ وہ جلد از جلد اراضی کے اختیارات کا تبادلہ عمل میں لائیں۔ مجوزہ مقام پر ہاسپٹل کی تعمیر کیلئے جاری ضروری اقدامات اور نقشہ کی تفصیلات سے عہدیداروں نے چیف منسٹر کو آگاہ کیا۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں کی جانب سے پیش کردہ رپورٹ پر غوروخوص کے بعد چند تبدیلیوں کا اشارہ دیا اور نقشہ و پلان میں تبدیلی لانے کی ہدایت دی۔ سڑکوں، پارکنگ، مردہ خانہ اور دیگر بنیادی سہولیات کے متعلق مستقبل کے پیش نظر ترقیاتی کام انجام دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ مستقبل کی ضروریات کو پیش نظر رکھتے ہوئے عمارت کا منصوبہ تیار کیا جائے تاکہ آئندہ کوئی مشکلات پیش نہ آسکیں۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں سڑکوں کی کشادگی، فلائی اوورس کی تعمیر کی ضرورت پڑنے پر کوئی رکاوٹ و مشکلات پیش نہ آسکیں۔ اس لحاظ سے ڈیزائن تیار کرنے کی چیف منسٹر نے عہدیداروں کو ہدایت جاری کی۔ انہوں نے کہا کہ مریضوں کے رشتہ داروں کی سہولیات کو بھی مدنظر رکھا جائے۔ ہاسپٹل میں مریض کے ساتھ موجود رہنے والے افراد کیلئے پرسکون ماحول کو تیار کیا جائے۔ ہاسپٹل میں پارک جیسی سہولیات کا ہونا ضروری ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ کارپوریٹ ہاسپٹل طرز کی سہولیات والے ڈیزائن تیار کئے جائیں اور عثمانیہ جنرل ہاسپٹل ہر لحاظ سے سہولت بخش اور کارپوریٹ انداز کا ہونا چاہئے۔ انہوں نے عہدیداروں پر زور دیا کہ وہ جاریہ ماہ کے آخر تک سنگ بنیاد کیلئے تمام تیاریوں کو مکمل کرلیں۔ اس موقع پر محکمہ صحت اور پولیس کے اعلیٰ عہدیدار موجود تھے۔ع