عثمانیہ دواخانہ میں طبی عملہ کو کورونا ٹیکہ

   

محکمہ صحت کی جانب سے ٹیکہ اندازی کے انتظامات ، دیگر دواخانوں میں بھی تیاری
حیدرآباد۔7جنوری(سیاست نیوز) محکمہ صحت کی جانب سے 13 جنوری سے 15جنوری کے درمیان عثمانیہ دواخانہ میں طبی عملہ کو کورونا وائرس ٹیکہ لگایا جائے گا۔حکومت تلنگانہ کے محکمہ صحت کی جانب سے تیار کئے گئے منصوبہ کے مطابق ریاست میں ٹیکہ اندازی کی تمثیلی مشق کے اختتام کے بعد 13 جنوری سے دواخانہ عثمانیہ میں طبی عملہ کو ٹیکہ دیا جائے گا اور تین دن کے دوران دواخانہ عثمانیہ میں 2602 طبی عملہ اور نیم طبی عملہ کو ٹیکہ اندازی کے انتظامات کئے جا رہے ہیں ۔ بتایاجاتا ہے کہ 13تا15 جنوری کے دوران کی جانے والی تین یوم کی ٹیکہ اندازی کیلئے انتظامات کا جائزہ لینے کے ساتھ درکار ریفریجریٹر اور سہولتوں کو بہتر بنانے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور کہا جار ہاہے کہ ریاستی حکومت کی ہدایت کے مطابق طبی عملہ کو ٹیکہ اندازی کے دوران دواخانہ عثمانیہ میں ایک سے زائد مراکز کے قیام کو یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ یومیہ 700 سے زائد محکمہ صحت سے وابستہ طبی عملہ کو ٹیکہ لگایا جاسکے۔ ایک ٹیکہ اندازی کے مرکز کے لئے کم از کم تین وارڈ س کا انتظام کیا جا رہاہے تاکہ ٹیکہ اندازی سے سے قبل انتظار کرنے کے لئے علحدہ جگہ ہو اور ٹیکہ اندازی کیلئے ایک کمرہ موجود رہے جبکہ ٹیکہ اندازی کے بعد ٹیکہ لینے والوں کو کم از کم نصف گھنٹہ آرام کے لئے ایک علحدہ بستر فراہم کیا جائے ۔ ذرائع کے مطابق ریاستی حکومت کے محکمہ صحت نے ان تمام امور کا جائزہ لینے کے بعد دواخانہ عثمانیہ میں طبی عملہ کو ٹیکہ اندازی کیلئے تین یا اس سے زائد مراکز کے قیام کا جائزہ لیا ہے۔