عثمانیہ دواخانہ کی تہذیبی ورثہ کے تحفظ کے ساتھ تعمیر نو

   

چیف سکریٹری و وزیر صحت مشترکہ دورہ کرینگے ۔ چیف منسٹر کے سی آر کا بیان
حیدرآباد۔15مارچ(سیاست نیوز) عثمانیہ دواخانہ کو تہذیبی ورثہ کے تحفظ کے ساتھ تعمیر کرنے اقدامات کئے جائیں گے ۔ وزیر صحت اور چیف سیکریٹری دونوں مشترکہ طور پر عثمانیہ دواخانہ کا دورہ کرکے عثمانیہ دواخانہ کی تعمیر نو کے اقدامات کا جائزہ لیں۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اسمبلی میں قائد اپوزیشن کے متوجہ کروائے جانے کے گئے جواب میں کہا کہ عثمانیہ دواخانہ تلنگانہ کا تہذیبی ورثہ ہے اور اس کے تحفظ کے ساتھ اس کی تعمیر نو ضرورعمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ وزیر صحت اور چیف سیکریٹری دورہ کرکے عثمانیہ دواخانہ کی تعمیر نو کے اقدامات کا جائزہ لیں گے۔چیف منسٹر نے تلنگانہ اقلیتی مالیاتی کارپوریشن میں زیر التواء قرض درخواستوں کی یکسوئی کا بھی تیقن دیا اور وزیر داخلہ محمد محمود علی کو درگاہوں کے بجٹ کی اجرائی کے علاوہ اقلیتی امور سے متعلق معاملات کی یکسوئی کی ہدایت دی جاچکی ہے۔ انہو ںنے بتایا کہ جی ایچ ایم سی کے حدود میں سڑکوں کی توسیع کیلئے درکار 200کروڑ خرچ کرنے میں بھی کوئی کوتاہی نہیں کی جائے گی بلکہ حکومت کی جانب سے اب تک 500کروڑ خرچ کئے جاچکے ہیں تو 200 کروڑ بھی خرچ کئے جائیں گے ۔ انہو ںنے وزیر بلدی نظم ونسق کو ہدایت دے دی ہے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ پرانے شہر کی ترقی کیلئے فکرمند ہونے کی ضرورت نہیں ہے حکومت پرانے شہر کے عوام کو بھی خوشحال اور ترقی کرتے ہوئے دیکھنا چاہتی ہے۔