عثمانیہ ہاسپٹل میں کورونا متاثرین کیلئے علاج

   

وی ہنمنت رائو کی سپرنٹنڈنٹ سے ملاقات
حیدرآباد۔ 17 اپریل (سیاست نیوز) سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت رائو نے آج عثمانیہ ہاسپٹل پہنچ کر سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر ناگیندر سے ملاقات کی۔ انہوں نے ہاسپٹل میں کورونا سے متاثرہ اور مشتبہ مریضوں کے علاج کے سلسلہ میں کئے گئے اقدامات سے واقفیت حاصل کی۔ ہنمنت رائو کو بتایا گیا کہ پازیٹیو کیسس کا علاج جاری ہے جبکہ مشتبہ مریضوں کو علیحدہ وارڈس میں رکھا گیا ہے۔ ہنمنت رائو نے سپرنٹنڈنٹ کو مشورہ دیا کہ مریضوں اور مشتبہ مریضوں کے علاج پر خصوصی توجہ دی جائے اور ان کے وارڈس میں صحت و صفائی کا بھرپور خیال رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اکثر یہ شکایات مل رہی ہیں کہ صحت و صفائی کے ناقص انتظامات کے سبب مریضوں کو دشواریاں پیش آرہی ہیں۔ وارڈس میں صفائی کے علاوہ باتھ روم اور ٹائلٹس کی صفائی پر توجہ دی جائے۔ سپرنٹنڈنٹ عثمانیہ ہاسپٹل نے کہا کہ کورونا وائرس کی سنگینی کو محسوس کرتے ہوئے ہر طرح کی احتیاطی قدم اٹھائے گئے ہیں۔ ہنمنت رائو کے ہمراہ کانگریس قائدین آر لکشمن یادو، بی کشن، نریندر یادو اور اے یادگیری گوڑ موجود تھے۔