عثمانیہ ہاسپٹل کا دورہ کرنے پر ہنمنت راؤ کو پولیس کی نوٹس،4 اگسٹ کو تحقیقات کیلئے طلبی، مقدمات سے خوفزدہ نہیں ہوں

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد۔ پولیس نے سینئر کانگریسی قائد اور سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 4 اگسٹ کو افضل گنج پولیس اسیشن حاضر ہونے کی ہدایت دی ہے۔ ہنمنت راؤ نے دو روز قبل عثمانیہ ہاسپٹل کا دورہ کرتے ہوئے قدیم عمارت کے انہدام کے خلاف احتجاج کیا تھا۔ سب انسپکٹر پولیس افضل گنج نے نوٹس جاری کرتے ہوئے ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایکٹ اور وباء سے متعلق قانون کی خلاف ورزی کا حوالہ دیا اور تحقیقات کے سلسلہ میں4 اگسٹ کو ان کے روبرو پیش ہونے کی ہدایت دی۔ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ اگر نوٹس کی خلاف ورزی کی گئی تو سی آر پی سی کی دفعات کے تحت گرفتار کیا جائے گا۔ ہنمنت راؤ نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے نوٹس کی اجرائی اور مقدمہ درج کرنے کی مذمت کی اور کہا کہ وہ مقدمات سے خوفزدہ نہیں ہوں گے بلکہ عثمانیہ ہاسپٹل کے تحفظ کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عثمانیہ ہاسپٹل کی ابتر صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے گئے تھے انہوں نے صرف معائنہ کیا۔ ڈاکٹرس اور مریضوں کو ان کی آمد سے کوئی تکلیف نہیں ہوئی کیونکہ وہ قدیم عمارت کے باہر تھے۔ انہوں نے حیرت کا اظہار کیا کہ عوامی مسائل کو پیش کرنے پر ان کے خلاف کئی مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ چیف منسٹر نے چار سال قبل نئی عمارت کی تعمیر کا اعلان کیا تھا لیکن آج تک وعدہ پورا نہیں ہوا ۔انہوں نے کہا کہ عثمانیہ ہاسپٹل اور ہائی کورٹ دونوں عمارتیں ایک ساتھ تعمیر کی گئی ہیں اور ماہرین کے مطابق آئندہ 50 برسوں تک یہ مضبوط رہیں گی لہذا حکومت کو ہیرٹیج عمارت کا تحفظ کرتے ہوئے کھلی اراضی پر نئی عمارت تعمیر کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں جمہوریت کے بجائے ڈکٹیٹر شپ چل رہی ہے۔