عثمانیہ ہاسپٹل کی ابتر صورتحال پر گورنر سوندرا راجن کا اظہار تشویش

   

ٹوئیٹر پر مریضوں کی مشکلات کی تصاویر پیش کیں، نئی عمارت کی تعمیر کا مطالبہ

حیدرآباد ۔28۔ جون (سیاست نیوز) ریاستی گورنر ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن نے پھر ایک مرتبہ تلنگانہ حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ حیدرآباد کے انتہائی قدیم عثمانیہ جنرل ہاسپٹل کی حالت کو انتہائی ابتر قرار دیتے ہوئے گورنر نے ہاسپٹل کی نئی عمارت کی تعمیر میں حکومت کی ناکامی پر سوال اٹھائے۔ گورنر نے کہا کہ انتہائی تاریخی نوعیت کے حامل عثمانیہ ہاسپٹل کی حالت دیکھیں تو افسوس ہوتا ہے۔ ٹوئیٹر پر عثمانیہ ہاسپٹل کی نئی عمارت کی تعمیر سے متعلق حکومت کے وعدہ کی تکمیل کے حق میں ایک مہم شروع کی گئی ہے۔ ’’جسٹس فار عثمانیہ ہاسپٹل ‘‘ کے عنوان سے یہ مہم شروع کی گئی جس میں گورنر نے تبصرہ کرتے ہوئے حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ ٹوئیٹر پر موجودہ ہاسپٹل کی خستہ حالی اور مریضوں کو پیش آنے والی دشواریوں سے متعلق تصاویر اپ لوڈ کی گئی ہیں۔ نئے ہاسپٹل کی تعمیر کے بارے میں جاری کردہ مکتوب کی نقل بھی ٹوئیٹر پر پوسٹ کی گئی۔ گورنر سوندرا راجن نے پوسٹ کو ری ٹوئیٹ کرتے ہوئے عثمانیہ ہاسپٹل کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہاکہ عثمانیہ ہاسپٹل کے ذریعہ عوام کی کثیر تعداد کو فائدہ پہنچا ہے لیکن آج اسی ہاسپٹل کی حالدت درگروں ہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ہاسپٹل کی نئی عمارت کی تعمیر کے اقدامات کئے جائیں۔ر