عثمانیہ ہاسپٹل کی نئی عمارت کی تعمیر اندرون دو سال مکمل کرنے چیف منسٹر کی ہدایت

   

عصری آلات کی تنصیب ، محکمہ جات پر مشتمل کوآرڈینیشن کمیٹی ، زیر تعمیر میڈیکل کالجس اور ہاسپٹلس کو جون تک مکمل کرنے کا فیصلہ، ریونت ریڈی کا اعلیٰ سطحی اجلاس
حیدرآباد ۔ 22 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے عثمانیہ ہاسپٹل کی نئی عمارت کی تعمیر کا کام اندرون دو سال مکمل کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ عصری سہولتوں کے ساتھ ہاسپٹل کی عالیشان عمارت کی تعمیر کا کام تیزی سے مکمل کیا جائے۔ گوشہ محل اسٹیڈیم کی اراضی پر عثمانیہ ہاسپٹل کی نئی عمارت کی تعمیر کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ چیف منسٹر نے آج اپنی قیامگاہ پر عہدیداروں کے اجلاس میں ہاسپٹل کے تعمیری کاموں کی پیشرفت کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ہاسپٹل کیلئے درکار طبی آلات کے حصول سے متعلق تفصیلات حاصل کیں۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ نئے عصری ہاسپٹل کی عمارت میں بہتر طبی خدمات کیلئے انتہائی عصری میڈیکل آلات حاصل کئے جائیں۔ انہوں نے اس سلسلہ میں موثر منصوبہ بندی کی ہدایت دی۔ انجنیئرنگ شعبہ سے تعلق رکھنے والے عہدیداروں سے کہا گیا ہے کہ وہ ہاسپٹل کی عمارت میں بڑی تعداد میں رومس ، لیابس اور دیگر سہولتوں کے مطابق عصری میڈیکل آلات کا تعین کریں۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ ہاسپٹل کے اطراف بہتر روڈ نیٹ ورک قائم کیا جائے اور ہاسپٹل کے احاطہ میں بھی بہتر سہولتیں حاصل ہوں تاکہ مقامی افراد کو ٹریفک کے مسائل کا سامنا کرنا نہ پڑے ۔ چیف منسٹر نے تعمیری کاموں کی عاجلانہ تکمیل کیلئے محکمہ جات میڈیکل اینڈ ہیلت ، پولیس ، جی ایچ ایم سی ، آر اینڈ بی اور برقی کے عہدیداروں پر مشتمل کوآرڈینیشن کمیٹی کی تشکیل کا اعلان کیا ۔ یہ کمیٹی فوری طور پر قائم کی جائے گی جو ہر 10 دن میں شخصی طور پر تعمیری کاموں کا معائنہ کرتے ہوئے درپیش مسائل کا حل تلاش کرے گی۔ انہوں نے پولیس کے سینئر عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ہاسپٹل کی عمارت میں سیکوریٹی اور سلامتی کے تمام موثر انتظامات کو یقینی بنائیں۔ ہاسپٹل کے اطر اف بہتر ٹریفک مینجمنٹ کا انتظام رہے ۔ آر اینڈ بی عہدیداروں کو روڈ نیٹ ورک اور ہاسپٹل کو مختلف علاقوں سے مربوط کرنے کیلئے سڑکوں کی تعمیر کا منصوبہ تیار کرنے کی ہدایت دی گئی ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ریاست میں زیر تعمیر تمام ہاسپٹلس اور میڈیکل کالجس کیلئے ایک سینئر عہدیدار کو نگرانکار کے طور پر مقرر کیا جائے گا ۔ مذکورہ عہدیدار تعمیری کاموں کی 24 گھنٹے نگرانی کریں گے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ جون 2026 تک تمام ہاسپٹلس اور میڈیکل کالجس کے تعمیری کام مکمل کرلئے جائیں۔ اجلاس میں چیف منسٹر کے پرنسپل سکریٹریز وی شیشادری ، سرینواس راجو ، چیف منسٹر کے سکریٹری مانک راج ، ڈائرکٹر جنرل پولیس شیودھر ریڈی ، کمشنر پولیس وی سی سجنار ، مختلف محکمہ جات کے سینئر عہدیداروں وکاس راج، کرسٹینا چونکٹو ، المبرتی ، مشرف علی فاروقی ، ہری چندنا اور دوسروں نے شرکت کی۔1