عثمانیہ ہاسپٹل کی نئی عمارت کے تعمیری کاموں کا آغاز، 1667 کروڑ کا تخمینہ

   

ہاسپٹل کے علاوہ ڈنٹل، نرسنگ اور فزیوتھراپی کالجس، بیڈس کی تعداد 2000 ہو جائے گی
حیدرآباد۔ 20 جولائی (سیاست نیوز) عثمانیہ ہاسپٹل کی نئی عمارت کے تعمیری کاموں کا آغاز ہوچکا ہے۔ حکومت نے گوشہ محل پولیس اسٹیڈیم کو ہاسپٹل کی نئی عمارت کے لئے مختص کیا ہے۔ تعمیری کام میگھا انجینئرنگ اینڈ انفرااسٹرکچر لمیٹیڈ کو الاٹ کیا گیا۔ کمپنی نے اراضی پر موجود عمارتوں کے انہدام کا عمل شروع کردیا ہے۔ پراجکٹ کا مجموعی تخمینہ 1667 کروڑ طے کیا گیا۔ پولیس گراؤنڈ کے روبرو اور اسٹیڈیم کے احاطہ میں موجود بعض عمارتوں کے انہدام کا عمل مکمل ہوچکا ہے۔ بتایا جاتا ہیکہ اسپورٹس بلڈنگس اور دیگر عمارتوں کو دوسرے مرحلہ میں منہدم کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق تعمیری کاموں کے لئے ٹنڈر کو قطعیت دی جاچکی ہے تاہم سرکاری طور پر اعلان باقی ہے۔ ہاسپٹل کی مین بلڈنگ کی تعمیر کے لئے 979 کروڑ مختص کئے گئے۔ سائیٹ انجینئرس ایام کار میں روزانہ تقریباً 7 گھنٹوں تک مصروف ہیں۔ توقع ہے کہ جاریہ ماہ کے اختتام تک اسٹیڈیم کی صفائی کا عمل مکمل ہو جائے گا۔ وزیر صحت دامودر راج نرسمہا نے تقریب سنگ بنیاد کے موقع پر اعلان کیا تھا کہ پراجکٹ کی مجموعی لاگت 2700 کروڑ رہے گی۔ ہاسپٹل کی نئی عمارت کے لئے 26.75 ایکر اراضی مختص کی گئی ہے اور 32 لاکھ مربع فیٹ پر تعمیری کام انجام دیئے جائیں گے۔ نئی عمارت میں بیڈس کی گنجائش 1168 سے بڑھ کر 2000 ہو جائے گی جس میں آئی سی یو بستروں کی تعداد 500 ہو جائے گی۔ ہاسپٹل میں 41 مختلف نوعیت کے آپریشن تھیٹرس رہیں گے اور 30 ڈپارٹمنٹس کی سہولت رہے گی۔ عوام کو بہتر علاج کی سہولتوں کے لئے 8 نئے ڈپارٹمنٹس کا آغاز ہوگا۔ ڈنٹل، نرسنگ اور فزیوتھراپی کالجس پر مشتمل اینٹیگریٹیڈ کیمپس شامل رہے گا۔ عصری سہولتوں سے آراستہ ہاسٹلس کے علاوہ 750 نشستوں کی گنجائش والا آڈیٹوریم تعمیر کیا جائے گا۔ حکومت نے بیرونی ریاستوں اور مختلف اضلاع سے مریضوں کی آمد کو دیکھتے ہوئے مریضوں کے رشتہ داروں کے لئے قیام کی سہولت مفت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بتایا جاتا ہیکہ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے محکمہ صحت کے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ نئے ہاسپٹل کی تعمیر کا کام مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے تاکہ شہر اور اضلاع کے عوام کو علاج کی بہتر سہولت بھی فراہم ہو۔ چیف منسٹر نے وزیر صحت دامودرراج نرسمہا کو مشورہ دیا کہ وہ تعمیری کاموں کا وقتاً فوقتاً جائزہ لیں۔ 1