صنعت نگر میں ٹمس کی تعمیر اندرون ایک ماہ مکمل ہوگی
حیدرآباد ۔ 23 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) عثمانیہ ہاسپٹل کی نئی عمارت کے تعمیری کاموں کا سینئر آئی اے ایس عہدیداروں نے آج معائنہ کرتے ہوئے کاموں میں تیزی پیدا کرنے کی ہدایت دی۔ اسپیشل چیف سکریٹری آر اینڈ بی وکاس راج ، پرنسپل سکریٹری ہیلت اینڈ فیملی ویلفیر کرسٹینا چونکٹو ، مینجنگ ڈائرکٹر سدرن پاور ڈسٹری بیوشن کمپنی مشرف فاروقی ، ضلع کلکٹر حیدرآباد ہری چندنا داسری ، ڈائرکٹر میڈیکل اینڈ ہیلت نریندر کمار ، چیف انجنیئر آر اینڈ بی راجیشور ریڈی اور دیگر عہدیداروں نے تعمیری کاموں کا جائزہ لیا۔ عہدیداروں نے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے تعمیری کاموں کی دو سال میں تکمیل کی ہدایت دی ہے۔ وکاس راج اور دیگر عہدیداروں نے تعمیری کاموں میں شامل انجنیئرس کو ضروری ہدایات جاری کیں۔ ہاسپٹل کیلئے مختص کردہ اراضی پر موجود پٹرول پمپ ، پولیس ، اسٹیشن کی عمارت اور برقی سب اسٹیشن موزوں مقام پر منتقل کرنے کی ہدایت دی گئی۔ ہاسپٹل کے بیرونی اور اندرونی حصہ میں سڑکوں کی تعمیر کا بھی جائزہ لیا گیا ۔ عہدیداروں نے کہا کہ ہاسپٹل کے اطراف اپروچ روڈس میں کوئی دشواری نہ ہو اور ٹریفک کے مسائل سے بچاؤ کے لئے اقدامات کئے جائیں۔ اس موقع پر ایڈیشنل کلکٹر جی مکند ریڈی ، ڈپٹی کمشنر پولیس رکشیتا مورتی اور مختلف محکمہ جات کے عہدیدار موجود تھے۔ وکاس راج اور دیگر عہدیداروں نے صنعت نگر علاقہ میں تعمیر کئے جانے والے تلنگانہ انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسیس کا معائنہ کیا۔ اندرون ایک ماہ انسٹی ٹیوٹ کے تعمیری کام مکمل ہوجائیں گے اور کارپوریٹ طرز پر عوام کو طبی سہولتیں حاصل رہیں گی۔ ٹمس میں 30 مختلف شعبہ جات قائم کئے جائیں گے جہاں مختلف امراض کا موثر علاج کیا جائے گا۔ حکومت نے ٹمس کی تعمیر کیلئے 22.6 ایکر اراضی مختص کی ہے جس میں 11.68 ایکر اراضی کو چار مختلف بلاکس تعمیر کئے جارہے ہیں۔ٹمس کے تعمیری کام میگھا انجنیئرنگ اینڈ انفراسٹرکچر لمٹیڈ کے حوالے کئے گئے ہیں۔ پراجکٹ ڈیویژن کے صدر کے گوردھن ریڈی نے عہدیداروں کو تعمیری کاموں کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ حکومت نے اسی کمپنی کو عثمانیہ ہاسپٹل کی تعمیر کی ذمہ داری دی ہے۔ صنعت نگر کے ٹمس میں ایک ہزار بستروں کی گنجائش ہوگی جبکہ 300 آئی سی یو بیڈس ہوں گے۔ جنرل وارڈ میں بستروں کی تعداد 500 اور پرائیوٹ وارڈ میں 200 بستر ہوں گے۔ ڈائیلاسیس کے لئے 30 بیڈس رکھے گئے ہیں۔1