عثمانیہ یونیورسٹی آن لائن کلاسیس میں رکاوٹیں

   

طلباء کو مشکلات ، سہولتیں فراہم نہ کرنے تدریسی عملہ کی شکایت

حیدرآباد۔8۔ستمبر(سیاست نیوز) جامعہ عثمانیہ کے آن لائن کلاسس میں رکاوٹیں پیدا ہورہی ہیں اور طلبہ کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ عثمانیہ یونیورسٹی کی جانب سے ریاست طلبہ کیلئے آن لائن کلاسس کا گذشتہ یوم آغاز کیا گیا اور پہلے دن ان کلاسس میں 60 فیصد طلبہ نے کلاسس میں حصہ لیا لیکن کلاسس کے دوسرے ہی دن آن لائن ڈیجیٹل کلاسس میں رکاوٹیں پیدا ہونے کی شکایات موصول ہونے لگی ہیں۔ شہر حیدرآباد کی انتہائی اہم جامعہ کے تدریسی عملہ کی شکایت ہے کہ یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے انہیں کوئی سہولت فراہم نہیں کی گئی ہے کہ وہ آن لائن کلاسس کا اہتمام کرسکیں جس کے سبب وہ محض اپنے موبائیل فون کے ذریعہ ہی گوگل ایپ اور زوم ایپ کے ذریعہ طلبہ کو تعلیم فراہم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور کئی طلبہ اس لئے آن لائن کلاس میں شرکت سے قاصر ہیں کیونکہ ڈاٹا اسپیڈ کمزور ہونے کے سبب وہ آن لائن کلاس میں توجہ نہیں دے پا رہے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ جاریہ ماہ کے اوائل سے یونیورسٹی میں آن لائن کلاسس کے آغاز کے سلسلہ میں تیاریاں کی جانے لگی تھیں لیکن تدریسی عملہ اور پروفیسرس کو مواد کے ساتھ عصری سہولتوں کی فراہمی عمل میں نہ لائے جانے کے سبب صورتحال انتہائی مایوس کن ہوچکی ہے ۔ یونیورسٹی عملہ کا کہناہے کہ حکومت کی جانب سے عصری سہولتوں کی فراہمی کی صورت میں ہی آن لائن کلاسس کو باقاعدہ چلایا جاسکتا ہے کیونکہ ایسا نہ کرنے کی صورت میں تدریسی عملہ اور طلبہ کے درمیان رابطہ مشکل ہوتا جار ہاہے۔ جامعہ عثمانیہ کے طلبہ کو درپیش مشکلات کے سلسلہ میں کہا جا رہاہے کہ ان کی مشکلات کو حل کرنے کے لئے انتظامی سطح پر کوئی منصوبہ بندی نہیں کئے جانے کے سبب طلبہ میں ناراضگی پائی جا رہی ہے کیونکہ جامعہ عثمانیہ میں تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ میں اکثریت اضلاع سے تعلق رکھنے والے طلبہ کی ہے جو کہ یونیورسٹی ہاسٹل میں رہتے ہوئے تعلیم حاصل کیا کرتی تھی لیکن اب جبکہ کلاسس مکمل بند ہیں توحالات تبدیل ہوچکے ہیں۔اساتذہ اور تدریسی عملہ کا کہناہے کہ یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے عصری سہولتوں بالخصوص انٹرنیٹ ‘ لیاپ ٹاپ اور ای لرننگ کے مواد کی فراہمی کے بعد ہی بہتر انداز میں ڈیجیٹل کلاسس کا انعقاد ممکن ہوسکتا ہے اسی لئے یونیورسٹی انتظامیہ کو فوری طور پر ڈیجیٹل ماہرین کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے ڈیجیٹل کلاس کے لئے درکار تمام سہولتوں کی فراہمی کے اقدامات کرنے چاہئے ۔