کے سی آر بائی الیکشن چیف منسٹر ، کانگریس قائد فیروز خاں کی شرکت
حیدرآباد ۔ 7 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : عثمانیہ یونیورسٹی طلباء تنظیموں کی جانب سے آرٹس کالج میں اجلاس منعقد کرتے ہوئے طلباء سے کیے گئے وعدوں کی تکمیل کا مطالبہ کیا گیا ۔ طلباء تنظیموں نے سرکاری جائیدادوں پر تقررات ، اسکالر شپ اور فیس ری ایمبرسمنٹ کے لیے مشترکہ جدوجہد کا اعلان کیا ۔ کانگریس کے سینئیر لیڈر فیروز خاں نے پردیش کانگریس کمیٹی کی نمائندگی کرتے ہوئے طلباء کی جدوجہد کی تائید کی اور خون کا عطیہ بھی دیا ۔ اس موقع پر پروفیسر جے شنکر کو خراج پیش کیا گیا ۔ فیروز خاں نے کہا کہ طلباء کی قربانیوں کے نتیجہ میں تلنگانہ ریاست وجود میں آئی ہے لیکن طلباء سے ناانصافی کا سلسلہ جاری ہے جب کبھی انتخابات آتے ہیں کے سی آر کو سرکاری جائیدادوں پر تقررات کا خیال آتا ہے اور جھوٹے وعدے کر کے ووٹ حاصل کرنے کے بعد وعدے فراموش کردیے جاتے ہیں ۔ کے سی آر کو بائی الیکشن چیف منسٹر قرار دیتے ہوئے فیروز خاں نے کہا کہ حضور آباد میں کامیابی کے لیے دلت بندھو اسکیم کا آغاز کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ 12 لاکھ 50 ہزار طلباء اسکالر شپ اور فیس باز ادائیگی سے محروم ہیں ۔ 2 سال سے رقومات جاری نہیں کی گئی اور کالجس انتظامیہ کی جانب سے طلباء کو ہراساں کیا جارہا ہے ۔ 50 ہزار جائیدادوں پر تقررات کا اعلامیہ جاری نہیں کیا گیا ۔ انڈر گریجویٹ طلباء کو 500 روپئے کے بجائے ماہانہ 2000 روپئے اور پوسٹ گریجویٹ طلباء کو 650 روپئے کے بجائے 2500 روپئے کی ادائیگی ، ماہانہ بیروزگاری بھتہ 3116 روپئے کی اجرائی اور یس سی ، یس ٹی ، بی سی اور اقلیت کے لیے مزید 300 ہاسٹلس کے قیام کا مطالبہ کیا گیا ۔۔
