یونیورسٹی کی عظمت رفتہ برقراری کا عہد، سید عمر جلیل ، پروفیسر لمبادری اور دوسروں کی شرکت
حیدرآباد۔26۔ مارچ (سیاست نیوز) عثمانیہ یونیورسٹی کے سابق طلبہ کا اجلاس آرٹس کالج میں منعقد ہوا جس میں یونیورسٹی کو عالمی سطح تک تعلیمی سرگرمیوں کے لئے وسعت دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ طلبہ قدیم کے اجلاس میں میڈیکل انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے صدرنشین ڈاکٹر ای سرینواس ، اسمبلی کے سکریٹری ڈاکٹر نرسمہا چاریلو ، سابق سکریٹری لیجسلیچر کے وی سدا ریڈی ، کانچا ایلیا ، الم نارائنا ، کونسل فار ہائیر ایجوکیشن کے صدرنشین پروفیسر لمبادری ، آرٹس کالج کے پرنسپل گنیش ، بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کے سکریٹری سید عمر جلیل اور وائس چانسلر رویندر یادو نے شرکت کی ۔ ڈاکٹر ای سرینواس نے کہا کہ یونیورسٹی نے اپنے قیام کے 100 مکمل کرلئے ہیں اور کسی بھی ادارہ کیلئے 100 سال کی تکمیل اہمیت کی حامل ہوتی ہے۔ یونیورسٹی صدی تقاریب کا سابق طلبہ کی جانب سے انعقاد قابل ستائش ہے۔ سرینواس نے کہا کہ وہ دیہی علاقہ سے تعلق رکھتے ہیں اور یونیورسٹی میں انہیں دیگر طلبہ سے کافی مدد ملی۔ تعلیم کے حصول کے علاوہ یونیورسٹی میں بہتر زندگی گزارنے کی تربیت دی گئی۔ تعلیم کی تکمیل کے بعد کامیاب زندگی بسر کرنے میں یونیورسٹی کا اہم رول ہے۔ یونیورسٹی سے کئی نامور شخصیتوں نے اپنی تعلیم کی تکمیل کی ہے اور دنیا بھر میں یونیورسٹی کے فارغین نمایاں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ ڈاکٹر سرینواس نے کہاکہ یونیورسٹی کے پروفیسرس اور اساتذہ نے قابل اور کامیاب شخصیتوں کی تیاری میں اہم رول ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ تحریک کے دوران انہیں یونیورسٹی طلبہ کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا ہے۔ دیگر مہمانوں نے یونیورسٹی کی عظمت رفتہ کی بحالی کیلئے اپنا رول ادا کرنے سے اتفاق کیا۔ وائس چانسلر نے سابق طلبہ کی جانب سے یونیورسٹی کی سرگرمیوں میں دلچسپی لینے پر اظہار تشکر کیا۔ ر