تمام شعبوں کے واٹس ایپ گروپ تشکیل، سوال و جواب کیلئے میکانزم کی تیاری
حیدرآباد۔12اپریل(سیاست نیوز) جامعہ عثمانیہ کی جانب سے طلبہ کو تعلیمی نقصان سے بچانے کیلئے آن لائن کلاسس کے آغاز کا فیصلہ کیا گیا ہے اور جامعہ عثمانیہ کی جانب سے تمام شعبوں میں تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کے لئے یونیورسٹی کی جانب سے آن لائن اور واٹس اپ گروپ کے ذریعہ تعلیم کے سلسلہ کو جاری رکھنے کے اقدامات کا آغاز کردیا گیا ہے اور کہا جار ہاہے کہ یونیورسٹی انتظامیہ نے تمام شعبوں کو اس بات کی ہدایت جاری کی ہے کہ وہ اپنے طلبہ کے واٹس اپ گروپ تیار کرتے ہوئے طلبہ سے رابطہ کریں اور روزانہ کم از کم دو گھنٹے کی کلاس منعقد کرتے ہوئے واٹس اپ کے ذریعہ طلبہ کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کے جواب دیں۔کوروناوائرس کے سبب ہوئے لاک ڈاؤن کے باعث جو صورتحال پیدا ہوئی ہے اس کو دیکھتے ہوئے یونیورسٹی نے طلبہ کے تعلیمی سال کو ضائع ہونے سے بچانے کیلئے یہ اقدام کیا ہے ۔بتایاجاتا ہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے اعلی تعلیم کے سلسلہ میں اختیار کردہ پالیسی کو دیکھتے ہوئے یونیورسٹی نے اس بات کا فیصلہ کیا ہے کہ طلبہ کے تعلیمی سال کے دوران جو مضامین انہیں پڑھائے جانے ہیں ان کے مطابق انہیں آن لائن تعلیم فراہم کی جائے اور آن لائن تعلیم کی فراہمی کے دوران طلبہ کے سوالات کے جواب دینے کا میکانزم بھی تیار کیا جائے۔جامعہ عثمانیہ کی جانب سے اس سلسلہ میں احکامات جاری کئے جاچکے ہیں۔