عثمانیہ یونیورسٹی میں طلبہ کا احتجاج

   

پوسٹ گریجویٹ فرسٹ ایئر امتحانات ملتوی
حیدرآباد۔ 15 فروری (سیاست نیوز) عثمانیہ یونیورسٹی حکام نے گزشتہ دو دنوں سے طلبہ کے احتجاج کو دیکھتے ہوئے پوسٹ گریجویٹ فرسٹ ایئر سمسٹر امتحانات کو مارچ تک ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ طلبہ کی جانب سے دیرینہ مطالبات کی یکسوئی کے لئے یونیورسٹی کیمپس میں احتجاج جاری ہے۔ یونیورسٹی گرانٹس کمیشن کے قواعد پر عمل آوری، نصاب کی عدم تکمیل، ہاسٹلس میں بنیادی سہولتوں کی کمی، چیف وارڈن کے رویہ سے ناراضگی اور ہاسٹل کے حدود میں سرپرستوں کے داخلہ پر پابندی جیسے امور پر طلبہ احتجاج کررہے ہیں۔ یونیورسٹی حکام نے احتجاج کے پیش نظر امتحانات کو ملتوی کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ نیا شیڈول کنٹرولر آف ایگزامینیشن کی جانب سے جلد ہی جاری کیا جائے گا۔ یونیورسٹی کی طالبات نے آرٹس کالج کے روبرو چیف وارڈن پروفیسر کلیان لکشمی کے خلاف احتجاج کیا تھا۔ طلبہ کا کہنا ہے کہ لیڈیز ہاسٹل میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی پر کوئی توجہ نہیں ہے۔ مناسب غذا سربراہ نہیں کی جارہی ہے۔ اضلاع سے ملاقات کے لئے آنے والے والدین اور سرپرستوں کی رہائش کا کوئی انتظام نہیں ہے۔ گزشتہ دو ماہ کے دوران حکام سے بارہا نمائندگی کی گئی لیکن کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔ طلبہ کا کہنا ہے کہ یونیورسٹی حکام پولیس کارروائی کی دھمکی دے رہے ہیں۔ 1