حیدرآباد ۔ یکم جولائی ( آئی این این ) عثمانیہ یونیورسٹی ملک کی ان 5 یونیورسٹیز میں شامل ہے جسے وزارت الیکٹرانکس و انفارمیشن ٹکنالوجی ( حکومت ہند ) کے تحت ڈیجیٹل انڈیا پراجیکٹ کیلئے منتخب کیا گیا ہے ۔ اس طرح یونیورسٹی کو اب آئی سی ٹی انفرا اسٹرکچر کی تیاری سے فائدہ ہوگا جو وائی فائی سے مربوط ہونگی ۔ اس پراجیکٹ پر 15 کروڑ روپیہ کا صرفہ ہوگا ۔ سارے یونیورسٹی کیمپس میں جملہ 1379 ہاٹ اسپاٹس فراہم کئے جا رہے ہیں جن میں انتظامی و تعلیمی عمارتوں کیلئے دیگر سہولیات والے علاقے بھی شامل ہیں۔ اس پراجیکٹ کے تحت 113 عمارتوں کا انتخاب کیا گیا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ مرکزی حکومت کے اس پراجیکٹ کے نتیجہ میں جو خدمات فراہم کی جا رہی ہیں ان سے جملہ 12,000 طلبا کو فائدہ ہوگا ۔ اس کے علاوہ اسکالرس ‘ فیکلٹی اور یونیورسٹی کیمپس کا عملہ بھی ان سہولیات سے استفادہ کریگا ۔