عثمانیہ یونیورسٹی پروفیسر کی ضمانت منظور

   

حیدرآباد۔20 مئی(سیاست نیوز) عثمانیہ یونیورسٹی کے پروفیسر سی قاسم جنھیں جنوری 2020 میں گرفتار کیا گیا تھا رنگاریڈی ڈسٹرکٹ عدالت نے مشروط ضمانت منظور کرلی۔پروفیسر قاسم کو بطور ڈپازٹ 2 لاکھ روپے ادا کرنے اور دو ضمانتیں پیش کرنے کی ہدایت دی گئی۔پروفیسر قاسم پر بغاوت اور کالعدم ماؤنواز پارٹی سے تعلقات کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ انہی الزامات کے تحت ضلع سدپیٹ اور ورنگل میں ان کے خلاف درج مقدمات کے علاوہ ان کے خلاف نومبر 2019 میں راچہ کنڈا کمشنریٹ کے ایل بی نگر میں بھی ایک مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ان پر ماؤنواز جوڑے نرلا روی شرما اور بیلاپو انورادھا کے ساتھ قریبی تعلقات رکھنے کا الزام ہے ، جنہیں نومبر 2019 میں ایل بی نگر پولیس نے گرفتار کیا تھا۔ پروفیسر قاسم اور متعدد دیگر افراد کو اس معاملے میں نامزد کیا گیا تھا۔پروفیسر قاسم کے قریبی ذرائع نے کہا کہ انہیں جلد ہی جیل سے رہا کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے تصدیق کی کہ وہ پہلے ہی ریاست کے مختلف تھانوں میں اس کے خلاف زیر التوا دوسرے مقدمات میں ضمانت حاصل کرچکے ہیں ۔