میرٹ طلبہ کو گولڈ میڈلس ، گورنر سوندرا راجن کی شرکت
حیدرآباد ۔ 23 اکٹوبر (سیاست نیوز) عثمانیہ یونیورسٹی کا 81 واں کانوکیشن (جلسہ تقسیم اسناد) دو سال کے وقفہ کے بعد شہر میں 27 اکٹوبر کو منعقد ہوگا، جس میں میرٹ طلبہ کو کوئی 106گولڈ میڈلس دیئے جائیں گے۔ تعلیمی سال 2018-19ء اور 2019-20ء کیلئے دیئے جانے والے ان 106 گولڈ میڈلس 80 گولڈ میڈلس پی جی، ایم فل اور پی ایچ ڈی کورسیس کے میرٹ طلبہ کو پیش کئے جائیں گے۔ یونیورسٹی کے عہدیداروں کے مطابق تعلیمی سال 2018-19ء اور 2019-20ء سے متعلق انڈر گریجویٹ گولڈ میڈلس کو کانوکیشن تقریب کے بعد متعلقہ کالجس کی جانب سے حاصل کرنا ہوگا جنہیں بعد میں یہ گولڈ میڈلس کالج مینجمنٹ کی جانب سے ایک منی کانوکیشن کا اہتمام کرتے ہوئے دینا ہوگا۔ ٹیگور آڈیٹوریم میں منعقد ہونے والی اس تقریب میں گولڈ میڈلس کے علاوہ امیدواروں کو 350 پی ایچ ڈی ڈگریز بھی دی جائیں گی۔ انڈر گریجویٹ، پوسٹ گریجویٹ، ڈپلومہ اور ایم فل ڈگریز کو امیدواروں کی جانب سے یونیورسٹی کے ایگزامنیشن برانچ سے حاصل کرنا ہوگا یا ڈاک کے ذریعہ طلب کی جاسکتی ہیں۔ یونیورسٹی کے عہدیداروں نے کہا کہ ریاستی گورنر ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن جو یونیورسٹی کی چانسلر بھی ہیں، اس تقریب میں شرکت کریں گی۔ ڈاکٹر جی ستیش ریڈی، سکریٹری اینڈ چیرمین ڈی آر ڈی او مہمان خصوصی ہوں گے اور کانوکیشن خطبہ دیں گے۔ گولڈ میڈلس کیلئے منتخب امیدواروں کو آن لائن رجسٹریشن کرواتے ہوئے انٹری پاس حاصل کرنا ہوگا۔