سرٹیفکٹس کی اجرائی میں سہولت، گھر بیٹھے تفصیلات حاصل کرنے کا موقع
حیدرآباد: عثمانیہ یونیورسٹی میں اگزامنیشن برانچ کی آن لائین خدمات میں مزید توسیع کرتے ہوئے طلبہ کو سہولت بخش بنانے کا فیصلہ کیا گیاہے ۔ یونیورسٹی کی جانب سے سرٹیفکٹس کے حصول کیلئے آن لائین خدمات فراہم کی جارہی ہے ۔ سرٹیفکیٹس میں اوریجنل ڈگری سرٹیفکٹس ، سمیسٹر میمو ، مائیگریشن سرٹیفکٹ ، میڈیم سرٹیفکٹس اور دیگر سرٹیفکٹس شامل ہیں۔ گزشتہ تین برسوں سے آن لائین خدمات کا سلسلہ جاری ہے۔ ایسے طلبہ جن کے سرٹیفکٹس ضائع ہوچکے ہیں ، وہ عثمانیہ یونیورسٹی ویب سائیٹ پر رجسٹر کرتے ہوئے سرٹیفکٹس حاصل کرسکتے ہیں۔ طلبہ کو نام ، موبائیل نمبر اور دیگر تفصیلات آن لائین داخل کرنی ہوگی۔ ہر سرٹیفکٹ کے لئے علحدہ طریقہ کار کا تعین کیا گیا ہے ۔ درخواست گزاروں کو ان کے مکان پر سرٹیفکٹس روانہ کئے جائیں گے ۔ کنٹرولر آف اگزامنیشن پروفیسر سری رام وینکٹیش نے بتایا کہ اگزامنیشن برانچ کی خدمات کو توسیع دی جارہی ہے جس کے تحت گزشتہ 10 برسوں کی تفصیلات حاصل کی جاسکیں گی۔ نئے طریقہ کار کے تحت طالب علم کی جانب سے ہال ٹکٹ نمبر داخل کرتے ہی اسکرین پر تمام تفصیلات آجائیں گی ۔ مقررہ فیس کی ادائیگی کے ذریعہ طلبہ اپنے سرٹیفکٹس حاصل کرسکتے ہیں۔