مختلف سیاسی‘ سماجی‘ادبی ومذہبی شخصیات کی شرکت
حیدرآباد۔ ہندوستانی فوج کے نوجوانوں کو کشتی کی تربیت دینے کے لیے حیدرآباد کے فن کشتی کے ماہر عثمان بن محمدالہاجری کو کشمیر مدعوکیے جانے اور وقف زمینات کے تحفظ اور ویران مساجد کوآباد کرنے پران کی دیرینہ کوششوں کے سلسلہ میں بزم علم وادب کی جانب سے ایک تہنیتی تقریب ومشاعرہ منعقد کیا۔ جس میں مختلف سیاسی‘سماجی‘مذہبی اورادبی شخصیات اورشعراء کرام نے شرکت کی۔ صدرجلسہ ڈاکٹرم ق سلیم نے کہاکہ الہاجری ہمیشہ سماجی کاموں کے لیے پیش پیش رہے ۔ فوج کے نوجوانوں کو کشتیوں کی تربیت کے لیے عثمان الہاجری کی خدمات کوحاصل کیاگیاتھا اور ان کے تربیتی گروپ نے گولڈ میڈل حاصل کیا یہ ہمارے حیدرآباد کے لیے فخر کی بات ہے۔ ابتداء میں صدربزم ڈاکٹر نادرالمسدوسی اپنے خیرمقدمی خطاب میں عثمان الہاجری کی سماجی خدمات پرروشنی ڈالی اورکہاکہ اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم اوروالدین کی دعائوں سے فن کشتی سے انہیں بچپن ہی سے واقفیت حاصل رہی اور انہوں نے ایک اچھے پہلوان کی حیثیت سے کئی مقابلوں میں حصہ لیا ہے ۔ محمدعظمت اللہ خان(سابق ڈ ی ایس پی) نے عثمان الہاجری کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے کہاکہ یہ ایک مخلص اور بیباک قائد کی حیثیت سے بڑی خدمات انجام دے رہے ہیں جوقابل مبارک باد ہے۔ خالدحسن نے عثمان الہاجری کی دیرینہ خدمات پر روشنی ڈالی ۔ بندولعل جمال پور نے کہاکہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے لیے ان کی خدمات قابل قدرہیں۔ محمداحمد نے کہاکہ ہاجری نے وقف جائیدادوں کی نگہداشت اور حفاظت کے لیے بڑی خدمات انجام دی ہیں ۔مجیب اللہ شریف ، عدنان قمرنے بھی خطاب کیا۔ عثمان الہاجری نے اپنی تقریر میں تقریب کے انعقاد پربزم علم وادب کے ذمہ داران بالخصوص نادرالمسدوسی کا شکریہ ادا کیا۔ کشمیر میں فوجیوں کو کشتی کی ٹریننگ کے ساتھ ساتھ میں نے ان کومذہب اسلام سے بھی واقف کروایا۔ان کے تربیت یافتہ گروپ کوگولڈ میڈل حاصل ہوا ہے ۔انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی صحت کا خیال رکھیں ۔ محسن خان نے نظامت کے فرائض انجام دیئے۔ جلسہ کا آغاز قاری انیس احمد کی قرأت کلام پاک اور زاہد ہریانوی کی نعت شریف سے ہوا۔ بعدازاں یوسف روش کی صدارت میں مشاعرہ منعقد ہوا ۔ جس میں شیخ اسماعیل صابر‘ ڈاکٹرخواجہ فرید الدین صادق‘ زعیم زمرہ‘ قاری انیس احمد‘ افتخارعابد ‘قاری زاہد ہریانوی‘ طاہررومانی ‘جہانگیر قیاس‘ ظہورظہیرآبا دی ‘نوید جعفری ‘سہیل عظیم اور ثناء اللہ وصفی نے کلام پیش کیا۔ اس موقع پربزم کی جانب سے قاضی علی عبداللہ رفاعی نے عثمان الہاجری اور دیگر مہمانان کی شال پوشی اورگلپوشی کی۔ محبان الہاجری شیخ افضل باوزیر‘ عبداللہ سعدی‘ احمدلحجی‘ عبیدعمودی ‘نور قریشی ‘اشفاق خان‘اجو اور دیگر نے گلپوشی کی۔ جلسہ کے اختتام پرصدربزم علم وادب ڈاکٹر نادرالمسدوسی نے خان لطیف محمدخان کے بھائی محسن کے انتقال پردعائیہ مغفرت کی اور ایڈیٹر رہنمائے دکن وقارالدین کی صحت یابی کے لیے دعا کی گئی اور ان کے شکریہ پراس تہنیتی تقریب ومشاعرہ کا اختتام عمل میں آیا۔