عثمان ساگر اور حمایت ساگر کی سطح آب میں اضافہ

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد۔ 18 جولائی ( سیاست نیوز) گذشتہ چند دنوں سے شہر اور اضلاع میں جاری شدید بارش کے نتیجہ میں حیدرآباد کے دو اہم ترین ذخائر آب عثمان ساگر اور حمایت ساگر کی سطح آب میں اضافہ ہوا ہے ۔ عثمان ساگر کی موجودہ سطح آب 1784.24 فیٹ درج کی گئی ہے جبکہ اس کی مکمل گنجائش 1790 فیٹ ہے ۔ اسی طرح حمایت ساگر کی سطح آب فی الحال 1762.20 فیٹ درج کی گئی ہے جبکہ یہاں مکمل سطح آب 1763.50 ہے ۔ اس طرح حمایت ساگر اب لبریز ہونے کے قریب پہونچ چکا ہے جبکہ عثمان ساگر میں ابھی پانی جمع ہونے کی گنجائش ہے ۔ واضح رہے کہ حیدرآباد کے علاوہ اضلاع میں بھی گذشتہ چند دنوں سے بارش کا سلسلہ جاری ہے ۔ بارش کے نتیجہ میں ریاست کے کئی ذخائر آب اور آبی پراجیکٹس میں سطح آب بڑھنے لگی ہے اور پانی کا بہاو بھی تیز ہوگیا ہے ۔ اسی طرح عثمان ساگر اور حمایت ساگر کے آبگیر علاقوں میں بارش کے نتیجہ میں شہر کے ان دو انتہائی اہمیت کے حامل ذخائر آب کی سطح میں بھی بتدریج اضافہ ہونے لگا ہے ۔ ابتدائی چند ایام کی بارش کے دوران ان دونوں ذخائر آب کی سطح میں کوئی خاص تبدیلی نہیں دیکھی گئی تھی تاہم جس طرح حکام کی جانب سے امید ظاہر کی جا رہی تھی کہ مزید بارش کی صورت میں ان دونوں ذخائر آب کی سطح میں اضافہ ہوسکتا ہے اسی طرح اب جبکہ گذشتہ چند دنوں سے بارش کا سلسلہ جاری ہے اور آبگیر علاقوں سے ان میں پانی کا بہاو بھی بڑھ گیا ہے اس کے نتیجہ میں دونوں ذخائر آب کی سطح آب میں اضافہ درج کیا گیا ہے ۔ حیدرآباد میٹرو پولیٹن واٹر سپلائی اینڈ سیوریج بورڈ کے حکام دونوں ذخائر آب کی سطح آب اور پانی کے بہاو پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور وقفہ وقفہ سے صورتحال کا جائزہ لیا جا رہا ہے ۔