سنگور پراجیکٹ کی سطح آب بھی ہوئی کم ۔ آئندہ دنوں اچھی بارش سے سطح آب میں اضافہ کی امید
حیدرآباد 18 جولائی ( سیاست نیوز) شہر حیدرآباد کو پانی سربراہ کرنے والے ذخائر آب عثمان ساگر اور حمایت ساگر کی سطح آب میں ایک ماہ میں ایک فیٹ کی گراوٹ ریکارڈ کی گئی ہے اور اسی طرح سنگور کی سطح آب میں بھی گراوٹ آئی ہے۔ حمایت ساگر اور عثمان ساگر کی سطح آب میں گراوٹ پر آبرسانی عہدیداروں کی جانب سے خصوصی نظر رکھی جا رہی ہے ۔ کہا جار ہاہے کہ گذشتہ ایک ماہ میں ناکافی بارشوں کے سبب دونوں ذخائر آب میں کمی آئی ہے۔ عثمان ساگر کی مکمل سطح آب 1790 فیٹ ہے جس میں 16جون 2025 کو 1783 فیٹ سطح آب ریکارڈ کی گئی تھی لیکن 16 جولائی کو اس میں ایک فیٹ گراوٹ آئی سطح آب 1782 فیٹ ریکارڈ کی گئی ہے ۔ اسی طرح حمایت ساگر کی مکمل سطح آب 1763 فیٹ ہے اور 16جون2025 کو حمایت ساگر کی سطح آب 1758 ریکارڈ کی گئی تھی اور 16جولائی 2025 یعنی ایک ماہ بعد سطح آب 1757 ریکارڈ کی گئی ہے ۔ آبرسانی حکام کے مطابق دونوں ذخائر آب کی سطح آب میں گراوٹ کی بنیادی وجہ جاریہ موسم باراں کے دوران ناکافی بارش ہے جبکہ عہدیداروں کو توقع ہے کہ آئندہ دنوں میں بارش سے دونوں ذخائر آب کی سطح میں اضافہ ہوگا۔ شہرکو پانی سربراہ کرنے والے ان دو ذخائر آب کے علاوہ سنگور کی سطح آب میں بھی ایک فیٹ کی کمی آئی ہے ۔ سنگور پراجکٹ کی مکمل سطح آب 1717 فیٹ ہے جبکہ 16 جون 2025 کو اس میں سطح آب 1710 ریکارڈ کی گئی تھی اور 16 جولائی 2025 کو اس میں 1 فیٹ کی گراوٹ کے بعد سنگور پراجکٹ کی سطح آب 1716 فیٹ ریکارڈ کی گئی ہے اور اس پراجکٹ میں بھی آئندہ دنوں میں بارش سے اضافہ کا امکان ہے۔3