عثمان ساگر اور حمایت ساگر کی سطح پر نظر رکھنے وزیر مال سرینواس ریڈی کی ہدایت

   

ضلع کلکٹر اور پولیس عہدیداروں کے ساتھ ٹیلی کانفرنس، بارش کے پیش نظر احتیاطی اقدامات کا مشورہ
حیدرآباد ۔ 26 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) وزیر مال پی سرینواس ریڈی نے ریاست میں بارش کے پیش نظر ضلع کلکٹرس اور سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کے ساتھ ٹیلی کانفرنس کا اہتمام کرتے ہوئے چوکسی کی ہدایت دی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دسہرہ تہوار کے پیش نظر عوام کی آمد و رفت میں کوئی رکاوٹ نہ ہو اور گاڑیوں کو دور دراز کے مقامات جانے کی سہولت فراہم کی جائے۔ ریاست کے بیشتر اضلاع میں آئندہ 24 گھنٹے کے دوران موسلادھار بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔ ضلع کلکٹرس اور پولیس عہدیداروں کو چوکسی کی ہدایت دیتے ہوئے وزیر مال نے کہا کہ متاثرین کیلئے ریلیف کیمپس قائم کئے جائیں۔ انہوں نے چیف سکریٹری رام کرشنا راؤ اور ڈائرکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر جتیندر کے ہمراہ ویڈیو کانفرنس کا اہتمام کیا جس میں کلکٹرس ، ایس پی ، حیڈرا اور جی ایچ ایم سی کے عہدیداروں نے شرکت کی۔ سرینواس ریڈی نے کہا کہ رنگا ریڈی ، وقار آباد ، سنگا ریڈی اور حیدرآباد میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران چوکسی کی ضرورت ہے۔ ضلع کلکٹرس کو احتیاطی طور پر پہلے سے اقدامات کرنے چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ جات ، آبپاشی ، ٹرانسپورٹ ، برقی ، حیڈرا ، جی ایچ ایم سی اور مال کے عہدیداروں کو اشتراک کے ساتھ کام کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ دسہرہ کے پیش نظر عوام بڑی تعداد میں آبائی مقامات منتقل ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وقار آباد ضلع میں سب سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی ہے ۔ انہوں نے موسیٰ ندی سے متصل علاقوں میں بسنے والے عوام کو چوکس رہنے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ عہدیداروں کو چاہئے کہ وہ موسیٰ ندی کے قریبی علاقوں میں رہنے والے عوام کو احتیاطی تدابیر کا مشورہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ حمایت ساگر اور عثمان ساگر میں بارش کے بہاؤ میں اضافہ ہوا ہے اور عہدیداروں کو دونوں ذخائر آب کی سطح پر نظر رکھنی چاہئے ۔ انہوں نے عثمان ساگر اور حمایت ساگر سے پانی کی اجرائی کی ہدایت دی اور کہا کہ مقامی افراد کو بروقت اطلاع دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے تمام ذخائر آب اور تالابوں کی سطح پر عہدیداروں کو نظر رکھنی چاہئے ۔ وزیر مال نے موسیٰ ندی کے اطر اف کے علاقوں میں بارش کے نقصانات سے بچاؤ کے ا قدامات کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ جانی اور مالی نقصانات کو روکا جائے۔1