دارالحکومت علاقہ اور اطراف میں بارش کا نتیجہ ۔ حسین ساگر کی سطح آب میں قدرے کمی
حیدرآباد۔ ریاست میں اضافی بارش اور خاص طور پر دارالحکومت علاقہ میں اضافی بارش کے نتیجہ میں شہر کے دو ذخائر آب حمایت ساگر اور عثمان ساگر کی سطح آب میں سست رفتار سے لیکن بہتر اضافہ ہو رہا ہے ۔ ریاست کے تقریبا تمام ذخائر آب کی طرح ان دونوں ذخائر آب کی سطح آب میں بھی اضافہ ہونے لگا ہے ۔ ریاست کے کچھ ذخائر آب کی سطح تو مکمل بھی ہوچکی ہے ۔کہا گیا ہے کہ دارلاحکومت علاقہ اور اطراف میں مسلسل بارش کے نتیجہ میںحمایت ساگر اور عثمان ساگر میں پانی کے انفلو میں بہتری آئی ہے ۔ واٹر ورکس کے حکام کے بموجب جمعہ کو حمایت ساگر کی سطح آب 1,740 فیٹ تھی جبکہ اس کی مکمل سطح آب 1,763 فیٹ ہے ۔ اسی طرح عثمان ساگر کی سطح آب جمعہ کو 1,756.5 فیٹ تھی جبکہ اس کی مکمل سطح آب 1,790 فیٹ ہے ۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ گذشتہ چند دنوں کے دوران دونوں ذخائر آب کی سطح میں 1.5 فیٹ کا اضافہ درج ہوا ہے ۔ واٹر سپلائی اینڈ سیوریج بورڈ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ اگر بارش کا سلسلہ گذشتہ دنوں کی طرح ہی چند دن اور جاری رہتا ہے تو ان دونوں ذخائر آب کی سطح آب میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے ۔ واٹر ورکس کے عہدیداروں نے یہ بھی واضح کردیا کہ حیدرآباد کیلئے پینے کے پانی کی کوئی قلت نہیں ہوگی کیونکہ اس کے اصل ذرائع ناگرجناساگر پراجیکٹ اور یلم پلی پراجیکٹ میں پانی کا بہاو تیز اور زیادہ ہے اور چند ہی دنوں میں یہ ذخائر آب مکمل سطح تک پہونچنے کی بھی امید ہے ۔ اس دوران حسین ساگر ( ٹینک بنڈ ) میں جہاں پانی کی سطح فل ٹینک لیول تک پہونچ گئی تھی بتدریج کم ہو رہی ہے ۔ حسین ساگر کی مکمل سطح آب 513.41 میٹر ہے ۔ جی ایچ ایم سی کے جھیلوں سے متعلق محکمہ کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ جمعہ کی دوپہر حسین ساگر کی سطح آب 513.30 میٹر ریکارڈ کی گئی تھی اور امکان ہے کہ اس میں مزید کمی بھی درج کی جائے گی ۔