حیدرآباد۔ گذشتہ دو تا تین دن سے شہر اور مضافاتی علاقوں میں شدید بارش کے نتیجہ میں شہر کے دونوں ذخائر آب حمایت ساگر اور عثمان ساگر کی سطح آب میں بتدریج اضافہ ہونے لگا ہے ۔ حیدرآباد میٹرو پولیٹن واٹر سپلائی اینڈ سیوریج بورڈ کو امید ہے کہ عثمان ساگر اور حمایت ساگر میں پانی کی سطح میں مزید اضافہ ہوگا کیونکہ شہر کے علاوہ ان ذخائر آب کے آب گیر علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے اور یہاں مزید بارش کی بھی پیش قیاسی کی جا رہی ہے ۔ جمعہ کو حمایت ساگر کی سطح آب 1,747 فیٹ درج کی گئی جبکہ اس کی مکمل سطح آب 1,763 فیٹ ہے ۔ عثمان ساگر کی سطح آب جمعہ کو 1,761 فیٹ درج ہوئی جبکہ یہاں مکمل سطح آب 1,790 فیٹ ہے ۔ کہا گیا ہے کہ حالیہ بارش کے نتیجہ میں حمایت ساگر کی سطح آب میں 1.3 فیٹ کا اضافہ ہوا ہے جبکہ عثمان ساگر کی سطح آب میں 2.2 فیٹ کا اضافہ ہوا ہے ۔ جمعرات کو بھی ان دونوں ذخائر آب کی سطح آب میں خاطر خواہ اضافہ ہوا تھا کیونکہ اس دن بھی شہر حیدرآباد اور اطراف کے علاقوں کے علاوہ آب گیر علاقوں میں بھی اچھی بارش ہوئی تھی اور پانی کے بہاو بڑھ گیا تھا ۔ آبرسانی بورڈ کے عہدیداروں نے بتایا کہ شہر میں پینے کی پانی کا کوئی مسئلہ نہیں ہوگا کیونکہ شہر کو پانی سپلائی کرنے والے اصل ذرائع ناگرجنا ساگر پراجیکٹ اور یلم پلی پراجیکٹ میں بھی پانی کی سطح بہترین ہوگئی ہے اور یہاں اب بھی پانی کا انفلو جاری ہے ۔ 2015 کے بعد سے حیدرآباد میٹرو واٹر سپلائی اینڈ سیوریج بورڈ نے عثمان ساگر اور حمایت ساگر سے پانی حاصل کرنا بند کردیا ہے تاہم گذشتہ سال موسم گرما میں یہاں سے پانی حاصل کرنا پڑا تھا کیونکہ سنگور اور مانجیرا ذخائر آب میں پانی کی سطح کم ہوگئی تھی ۔