عثمان ساگر کو سیاحتی مرکز میں تبدیل کرنے کے اقدامات

   

حکومت تلنگانہ سے 35.60 کروڑ کی منظوری، ایچ ایم ڈی اے منصوبہ سازی میں مصروف

حیدرآباد ۔ 2 فبروری (سیاست نیوز) حیدرآباد میٹرو ڈیولپمنٹ اتھاریٹی (ایچ ایم ڈی اے) شہر حیدرآباد کے مضافات میں پائے جانے والے تاریخی اہمیت کے حامل ذخیرہ آب عثمان ساگر(گنڈی پیٹ) کے اطراف و اکناف والے علاقہ کو خوبصورت اور سرسبز و شاداب بناتے ہوئے اس علاقہ کو ایک اہم سیاحتی مرکز میں تبدیل کرنے کیلئے اپنے سنجیدہ اقدامات کا آغاز کیا ہے اور اس سلسلہ میں ریاستی حکومت کی جانب سے 35.60 کروڑ روپئے کی اجرائی کیلئے ’’ایڈمنسٹریٹیو منظوری‘‘ دے دی ہے۔ اس طرح حکومت کی منظوری کے فوری بعد حیدرآباد میٹرو ڈیولپمنٹ اتھاریٹی نے فوری طور پر اقدامات کرنے کیلئے پہل کی ہے۔ اتھاریٹی کے ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ ترقیاتی کاموں سے متعلق ٹنڈرس طلب کرنے کیلئے متعلقہ عہدیدار مصروف ہیں۔ اسی ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہیکہ عثمان ساگر کے علاقہ کو سرسبز و شاداب اور خوبصورت بنانے کیلئے انجام دیئے جانے والے کاموں میں لینڈ اسکیپنگ اور گریتری میں تبدیل کرنے کے اقدامات شامل ہیں۔ بتایا جاتا ہیکہ اسمارٹ فونس آجانے کے بعد سیاحتی مقامات پر سیلفی لینے کے شوق میں روز بروز اضافہ ہوتا جارہا ہے جس کو پیش نظر رکھتے ہوئے سیاحتی مقامات کو بہتر سے بہتر انداز میں خوبصورت بناتے ہوئے سیلفیاں لینے کے قابل بنانے پر بھی اولین ترجیح دی جارہی ہے۔ علاوہ ازیں عثمان ساگر ذخیرہ آب کے اطراف و اکناف میں تقریباً 36 مربع کیلو میٹر علاقہ میں ’’سائیکلنگ ٹریک‘‘ اور ’’واکنگ ٹریک‘‘ بنانے کے اقدامات کئے جارہے ہیں اور ساتھ ہی ساتھ مختلف نوعیت کے پارکس کی بھی تعمیر عمل میں لائی جارہی ہے۔ اسی ذرائع نے مزید بتایا کہ 35.60 کروڑ روپیوں کے مصارف سے عثمان ساگر ذخیرہ آب کے اطراف انجام دیئے جانے والے مختلف ترقیاتی کاموں میں ’’انٹرنس پلازا، آرٹ پویلینس، انٹرنس پویلین وارڈ رومس، کڈس پلے (بچوں کے کھیلنے کی اہم اشیاء) ہمپی تھیٹرس، بورڈ واک ڈیکس، جئیز، فوڈ کورٹس، اسکیٹنگ زونس، سیکل ٹرائیکس، واک وبیز، ٹیریس گارڈنس، پکنک اسپیس، آوٹ ڈور جمس کے علاوہ گنڈی پیٹ کے اطراف و اکناف سیاحوں اور دیگر افراد کو مختلف سہولتوں کی فراہمی کیلئے وسیع تر انتظامات کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ اس طرح تاریخی اہمیت کے حامل عثمان ساگر ذخیرہ آب کو ایک مثالی سیاحتی مرکز میں تبدیل کرنے کیلئے حیدرآباد میٹرو ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کی جانب سے اقدامات کا آغاز کیا گیا ہے۔