عثمان نگر میں 3.5 لاکھ روپئے کی لاگت سے ٹیلرنگ و کمپیوٹر سنٹر کا قیام

,

   


سیاست ملت فنڈ اور فیض عام ٹرسٹ سے ڈاکٹر متین الجبار کا تعاون ،اسپوکن انگلش اور پیرا میڈیکل کورسس شروع کرنے کا عزم

حیدرآباد : عزائم اور حوصلے بلند ہوں تو مشکلات آسانیوں میں بدل جاتی ہیں اور ان خوبیوں کے ساتھ سچائی، دیانتداری، وقت کی پابندی اور سخت محنت ہو تو پھر دنیا کی کوئی طاقت آپ کو ترقی کی راہ پر گامزن ہونے سے نہیں روک سکتی۔ ان خیالات کا اظہار عثمان نگر، شاہین نگر میں ٹیلرنگ سنٹر اور کمپیوٹر سنٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں سیاست ملت فنڈ اور فیض عام ٹرسٹ کے عہدیداروں نے کیا۔ واضح رہیکہ حیدرآباد کی تاریخ کی بدترین سیلابی بارش میں عثمان نگر سب سے زیادہ متاثر ہوا تھا جس کے اثرات اب بھی دکھائی دیتے ہیں۔ عثمان نگر کے عوام سامان زندگی سے محروم ہوگئے تھے۔ ان حالات میں سیاست ملت فنڈ اور فیض عام ٹرسٹ نے ان کی ہر طرح سے مدد کرنے کا آغاز کیا۔ یہ ٹیلرنگ سنٹر اور کمپیوٹر سنٹر بھی اسی مدد کی ایک کڑی ہے جس سے عثمان نگر کی لڑکیوں اور خواتین کو نہ صرف ٹیلرنگ سیکھنے کا موقع ملے گا بلکہ طالبات کو کمپیوٹر کورس کی تربیت حاصل کرنے کے ساتھ اپنے لئے آمدنی کے ذرائع پیدا کرنے کا موقع ملے گا۔ عثمان نگر میں اس ٹیلرنگ سنٹر اور کمپیوٹر سنٹر قائم کرنے کیلئے ڈاکٹر متین الجبار آگے آئے۔ ان کا کہنا تھا کہ عثمان نگر میں اس طرح کے سنٹرس کے قیام سے طلباء و طالبات اور خواتین کو کچھ سیکھیں اور آمدنی کے ذرائع پیدا کرنے کا موقع ملے گا۔ واضح رہیکہ ان سنٹرس پر 3.5 لاکھ روپئے کے مصارف آئے۔ خاص طور پر اس معاملہ میں فیض عام ٹرسٹ کے ٹرسٹی ڈاکٹر مخدوم محی الدین کا اہم کردار رہا۔ انہوں نے ان سنٹرس کے قیام میں خصوصی دلچسپی لی۔ سنٹر کے افتتاح کے موقع پر سکریٹری فیض عام ٹرسٹ جناب افتخار حسین، منیجنگ ایڈیٹر سیاست جناب ظہیرالدین علی خان، ٹرسٹیز فیض عام ٹرسٹ ڈاکٹر مخدوم محی الدین، جناب رضوان حیدر، مجلس عاملہ کے رکن سید حیدر علی، جسٹس ریٹائرڈ ای اسمعیل، سید عبدالستار، اور محمد اعظم (فیض عام ٹرسٹ) اور ملت فنڈ کے کارکنان شیخ اکرم محمد مکرم موجود تھے۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہوگا کہ ان سنٹرس کیلئے ٹی آر ایس کارپوریٹر محمد مظہر نے کمپیوٹر اور ٹیلرنگ سنٹرس کیلئے عمارت مفت فراہم کی ہے۔ فی الوقت ان تربیتی مراکز کو 5 سلائی مشین، 5 کمپیوٹرس فراہم کئے گئے اور ٹیلرنگ و کمپیوٹر تربیت کیلئے قابل انسٹرکٹرس کی خدمات بھی حاصل کی گئی۔ سیاست ملت فنڈ اور فیض عام ٹرسٹ ایک سال تک انسٹرکٹرس کی تنخواہیں دیں گے۔ ٹیلرنگ سنٹر میں ایک کٹنگ ٹیبل (مکمل میٹریئل کے ساتھ) کے علاوہ صاف اور ٹھنڈے پانی کیلئے واٹرفلٹر، 20 نئی کرسیاں، 6 نئے ٹیبلس فراہم کئے گئے۔ ساتھ ہی انٹرنیٹ کنکشن بھی دیا گیا ہے۔ جناب افتخار حسین کے مطابق مستقبل میں ان تربیتی مراکز میں ہی اسپوکن انگلش (انگریزی بول چال) اور پیرا میڈیکل کورسیس بھی چلائے جائیں گے اور اس کیلئے سیاست ملت فنڈ اور فیض عام مدد کریں گے۔