سیاست ملت فنڈ، فیض عام ٹرسٹ اور دانا اینڈ دا کا مشترکہ اقدام، متاثرین کیلئے ذرائع آمدنی پیدا کرنا اہم مقصد
حیدرآباد : سیاست ملت فنڈ اور فیض عام ٹرسٹ اپنے فلاحی کاموں کے ذریعہ ملت کے غریب خاندانوں میں ایک معاشی انقلاب برپا کررہے ہیں۔ حیدرآباد میں اکثر یہی دیکھا جاتا ہیکہ سارے خاندان کی پرورش کیلئے ایک شخص ہی محنت کرتا ہے لیکن خوشی کی بات یہ ہیکہ اب گھریلو خواتین اور لڑکیاں بھی گھروں میں رہ کر ہی مختلف کام کرتے ہوئے اپنے خاندانوں کی مدد کررہی ہیں۔ بعض خواتین گھروں میں ہی کرانہ سبزی اور میوے جات کی دکانات چلا رہی ہیں تو کچھ سیکلس کرایے پر دے کر آمدنی کے وسائل پیدا کررہی ہیں۔ اسی طرح ایسی خواتین بھی ہیں جو انواع و اقسام کی خشک مچھلی، پاپڑ، بڑیاں فروخت کررہی ہیں۔ ایسی کئی خواتین بھی ہیں جو گھروں میں بیٹھی کپڑوں کی سلوائی کرتے ہوئے آمدنی کے ذرائع پیدا کرچکی ہیں اور اس معاملہ میں ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں کی زیرقیادت سیاست ملت فنڈ اور جناب افتخار حسین کی زیرقیادت فیض عام ٹرسٹ غیرمعمولی کردار ادا کررہے ہیں۔ ان دونوں اداروں نے تاحال ان ہزاروں مرد و خواتین، طلباء و طالبات کی مدد کی ہے جو آفات سماوی، فرقہ وارانہ فسادات اور غربت سے متاثر ہوئے تھے۔ حیدرآباد میں حالیہ عرصہ کے دوران طوفانی بارش نے جو تباہی و بربادی مچائی، ہزاروں خاندان متاثر ہوئے لیکن سیاست ملت فنڈ اور فیض عام ٹرسٹ نے ان کی بازآباد کاری اور راحت کاری میں کوئی کسر باقی نہیں رکھی۔ کل ہی عثمان نگر کے بارش متاثرین میں 6 تا 6.5 لاکھ روپئے مالیتی سامان کی تقسیم عمل میں آئی۔ متاثرین میں سیونگ مشینس، ٹھیلا بنڈیاں، پھل و ترکاریاں، جوتے چپل، کرانہ کا سامان، ہاتھ کی چوڑیاں وغیرہ تقسیم کی گئیں تاکہ وہ ان کا کاروبار کرسکیں۔ اس سلسلہ میں ایک خصوصی تقریب وی آئی پی اسکول شاہین نگر میں منعقد ہوئی، جس میں سیاست ملت فنڈ فیض عام ٹرسٹ نے DAANA & DAA کے تعاون سے متاثرین کی مدد کی۔ اس موقع پر سکریٹری فیض عام جناب افتخار حسین، ٹرسٹی ڈاکٹر مخدوم محی الدین کمیٹی ممبر جناب سید حیدر علی دانا اینڈ دا کے ڈاکٹر طلحہ اور سیاست ملت فنڈ و فیض عام ٹرسٹ کے والینٹرس بھی موجود تھے۔ واضح رہیکہ اس پروگرام میں 25 متاثرین کی بازآباد کاری کی گئی۔ 130 کی راحت رسانی کی گئی۔ 37 خواتین میں سلائی مشینوں کی تقسیم عمل میں آئی۔ ایک متاثرہ کو جوتے اور چپلیں خرید کر دی گئیں۔ ٹھیلے بنڈیوں پر چار متاثرین کو کاروبار کیلئے میوے جات اور سبزی فراہم کی گئی۔ 5 متاثرین کے کرانہ دکانات کیلئے سامان مہیا کیا گیا۔ 12 سائیکلیں ایک اسکول ویان اور دوسری گاڑی کی ریپیرنگ کروائی گئی۔ ایک خاتون کو 5000 نقد رقم دی گئی۔ دوسری طرف ایک خاتون کو خشک مچھلی، پاپڑ وغیرہ دلائے گئے۔ اس طرح ملت سیاست فنڈ اور فیض عام ٹرسٹ نے DAANA & DAA کے تعاون سے یہ کارخیر انجام دیا ہے۔ متاثرین نے ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں سکریٹری فیض عام ٹرسٹ جناب افتخار حسین اور دانا اینڈ دا کے عہدیداروں بالخصوص ڈاکٹر طلحہ کے حق میں دعائے خیر کی۔