صدرنشین وقف بور ڈ محمد سلیم کا عہدیداروں کے ساتھ اجلاس
حیدرآباد۔18 ۔اگست (سیاست نیوز) عدالتوں میں زیر دوران اوقافی مقدمات کی موثر نمائندگی کیلئے صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے آج عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا ۔ وقف بورڈ کے ارکان مولانا اکبر نظام الدین حسامی صابری اور ذاکر حسین جاوید کی موجودگی میں وقف بورڈ کے اسسٹنٹ سکریٹریز اور سپرنٹنڈنٹس کے علاوہ لاء آفیسرس کا اجلاس منعقد کیا گیا ۔ سپریم کورٹ ، ہائی کورٹ اور وقف ٹریبونل میں زیر دوران مقدمات میں درکار ریکارڈ اور جوابی حلفنامہ بروقت داخل کرنے عہدیداروںکو ہدایت دی گئی۔ محمد سلیم نے کہا کہ عدالتوں میں موثر پیروی کیلئے سینئر وکلاء کی خدمات حاصل کی جائیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ عرصہ میں سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ میں وقف بورڈ کو اہم جائیدادوں کے تحفظ میں کامیابی ملی ہے۔ صدرنشین وقف بورڈ نے اوقافی جائیدادوں کے کرایہ جات کی وصولی اور وقف فنڈ کے بارے میں عہدیداروں کو بروقت کارروائی کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ کرایہ اور وقف فنڈ کی وصولی سے حاصل ہونے والی رقم مسلمانوں کی تعلیمی اور میڈیکل امداد پر خرچ کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ عرصہ میں کورونا کے پیش نظر کرایہ جات کی وصولی متاثر ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وقف بورڈ کے ہر عہدیدار اور ملازم کی ذمہ داری ہے کہ وہ اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کے لئے سنجیدگی سے کام کرے۔ وقف بورڈ کے ارکان نے جائیدادوں کی ترقی کے سلسلہ میں تجاویز پیش کیں۔ R
