عدالتوں کے بجائے شریعت کی روشنی میں مسائل کا حل تلاش کریں

   

نرمل میں جمعیۃ العلماء کے محکمہ شرعیہ کے اجلاس میں علمائے کرام و دیگر کا خطاب
نرمل 2 اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جمعیۃ علماء کے تحت پورے ملک میں چلنے والے محکمہ شرعیہ مسلمانوں کے شرعی اور سماجی مسائل کو شریعت اسلامی کے مطابق حل کرنے کی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ یہ وہ ادارہ ہے جو ہندوستان کے آئینے دائرے میں رہتے ہوئے مسلمانوں کو ایک متبادل راستہ فراہم کرتا ہے تاکہ وہ عدالتوں کے طویل اور مہنگے عمل سے بچتے ہوئے شریعت کے مطابق فیصلہ حاصل کرسکیں۔ ان خیالات کا اظہار مولانا عبدالعلیم قاسمی صدر محکمہ شرعیہ شاخ نرمل نے مسجد جمال نرمل میں معززین شہر نرمل کے ایک اجلاس میں کیا۔ مولانا نے کہاکہ تقریباً تین سال قبل محکمہ شرعیہ کی شاخ نرمل میں بھی قائم ہوئی جس کا باضابطہ دفتر مسجد جمال مغل پورہ نرمل میں قائم کیا گیا۔ اس عرصہ میں تقریباً دو سو مقدمات کو باہمی رضامندی سے حل کیا گیا۔ اس کا طریقہ کار یہ ہے کہ مدعی تحریری طور پر ایک عرضی داخل کرتا ہے، اس عرضی کی بنیاد پر مدعی علیہ کو ایک نوٹس بھیجی جاتی ہے پھر مدعی علیہ کا تحریری جواب لیا جاتا ہے۔ پھر ایک تاریخ پر فریقین کو بلاکر ان کے بیانات کو قلمبند کیا جاتا ہے اور شریعت کی روشنی میں ان کے نزاعی معاملات کا حل پیش کیا جاتا ہے۔ مولانا عبدالعلیم قاسمی نے بتایا کہ تقریباً 95 فیصد میاں بیوی کے مسائل پر مبنی درخواستیں آتی ہیں اور 5 فیصد وراثت کے مسائل کو لے کر لوگ رجوع ہوتے ہیں۔ مولانا نے کہاکہ موجودہ دور میں کئی لڑکیوں کو ایسے مسائل کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ والدین بہت زیادہ تفکرات کی وجہ محکمہ شریعہ سے رجوع ہوتے ہیں۔ ہم سب کی کامیاب کوششوں سے ان کے گھر بسائے جارہے ہیں۔ مولانا نے بتایا کہ محکمہ میں علماء کرام کے ایک پیانل کے علاوہ بعض قانون داں حضرات اور سماجی خدمت گذار بھی شامل ہیں۔ مفتی الیاس احمد قاسمی جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء ضلع نرمل اور مفتی کلیم احمد قاسمی صدر جمعیۃ علماء نرمل نے بھی محکمہ شریعہ کی افادیت اور اس کی کارکردگی پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ مسلمانوں کو چاہئے کہ وہ اپنے معاملات عدالت تک لے جانے کے بجائے محکمہ شریعہ سے رجوع ہوں۔ عدالتوں میں برسہا برس تک مقدمات چلتے رہتے ہیں جس میں پیسہ اور وقت برباد ہوتا ہے جبکہ محکمہ شریعہ بغیر کسی خرچ کے شریعت کی روشنی میں مقدمات کی یکسوئی کرتا ہے۔ آخر میں محکمہ شریعہ کے نائب صدر عبدالرحمن نے تمام شرکاء کے لئے ضیافت کا اہتمام کیا۔