حیدرآباد: تلنگانہ ہائی کورٹ نے عدالت کے احکامات کی عدم تکمیل پر کھمم کے ضلع کلکٹر آر وی کرنن پر 500 روپئے کا جرمانہ عائد کیا ہے۔ جسٹس چلا کودنڈا رام نے حکام کو ہدایت دی کہ وہ کلکٹر کی تنخواہ سے جرمانہ کی تکمیل کریں۔ عدالت نے کہا کہ تلنگانہ حکومت کے عہدیدار تحقیر عدالت کی نوٹس ملنے کے بعد ہی عدالتی احکامات پر عمل کر رہے ہیں۔ کھمم سے تعلق رکھنے والے کے وینکٹ رامیا نے کلکٹر کے خلاف تحقیر عدالت کی درخواست دائر کی جس میں غیر مستحق افراد کو فصل قرض منظور کرنے کی شکایت کی گئی۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ شکایت میں بتائی گئی باتیں درست ہیں لیکن انہوں نے عدالتی احکامات پر عمل نہیں کیا۔ عدالت نے کہا کہ کسانوں کی جانب سے نمائندگی کے بعد عہدیداروں کو چاہئے تھا کہ وہ اس معاملہ کی یکسوئی کرتے۔ عدالت سے نوٹس کی اجرائی کے بعد عمل آوری افسوسناک ہے۔